سینیٹ کی پریس گیلری سے صحافیوں کا نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر احتجاجاً واک آئوٹ

پیر 13 فروری 2017 19:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) سینیٹ کی پریس گیلری سے صحافیوں نے سماء ٹی وی کے کیمرہ مین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر احتجاجاً واک آئوٹ کیا۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران صحافیوں کے واک آئوٹ کے بعد چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد سے کہا کہ وہ پریس گیلری سے واک آئوٹ کرنے والے صحافیوں سے بات کریں اور ایوان کو آگاہ کریں۔

بعد ازاں ایوان بالا میں آ کر وفاقی وزیر آفتاب شیخ نے کہا کہ کراچی میں ایک کیمرہ مین شہید ہوا ہے۔ اس پر احتجاج جائز ہے۔

(جاری ہے)

ایک جواں سال کیمرہ مین کی شہادت ہوئی ہے۔ صحافیوں کا مطالبہ ہے کہ کمیٹی بنائی جائے جو اس واقعہ کی تحقیقات کرے۔ چیئرمین چاہیں تو کمیٹی تشکیل دے سکتے ہیں۔ شہید کیمرہ مین کے لئے معاوضہ کی ادائیگی کے صحافیوں کے مطالبہ پر وفاقی حکومت سے بات کروں گا، ہمیں صحافیوں کی پوری پوری مدد کرنی چاہئے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ ہے، میں بھی اس واقعہ پر معاوضہ کی ادائیگی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سے بات کروں گا، حکومت بھی بات کرے۔ کمیٹی تشکیل دینے کے حوالے سے قوانین کا جائزہ لوں گا کیونکہ یہ صوبائی مسئلہ ہے، میرا خیال ہے کمیٹی شاید تحقیقات کرنے کی مجاز نہیں ہوگی۔