مرکز اہلحدیث جی سکس میں ساتویں سالانہ حسن قرات کانفرنس

عوام الناس کو پیار محبت اور رواداری کا درس دیں اور فتنہ تکفیر و خروج سے اجتناب کریں علما ء و خطبا ڈاکٹر حماد لکھوی،چیئرمین شعبہ اسلامیات پنجاب یونیورسٹی کا تصور علم کے موضوع پر خطاب

پیر 13 فروری 2017 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2017ء) دو روزہ تربیتی پروگرام --"تفہیم منہج سلف-" اور"ساتویں سالانہ حسن قرات کانفرنس " مرکز اہلحدیث جی سکس میں زیر صدارت حافظ مقصود احمد ، امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث اسلام آباد ہو، ملک بھر سے معروف علمائے کرام اور قرا ء کرام نے شرکت کی۔قاری صہیب احمد میر محمدی، ڈاکٹر حماد لکھوی، ڈاکٹر عبید الرحمن محسن، شیخ الحدیث حافظ مسعود عالم نے خطابات اور قاری عبدالسلام عزیزی،قاری سعید اللہ سعید، قاری محمد اسامہ شوکت، قاری عدنان نورپوری،قاری محمد وسیم عزیزی ،سید عبید الرحمن اورعزیر منصورنے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔

ممتاز اسلامی سکالر قاری صہیب احمد میرمحمدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک مسلمان کی زندگی ایمان، اعمال اور قرآن کے احکامات کی روشنی میں مکمل ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

مسلمان قرآن و سنت کے احکامات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نہ صرف اپنے اہل خانہ بلک قوم کو بھی درپیش بحرانوں سے نکل سکتے ہیں ۔تقویٰ رکھنے والی قومیں ہمیشہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام کر کامیابیوں کی راہ پر گامزن رہتی ہیں ۔

ڈاکٹر حماد لکھوی،چیئرمین شعبہ اسلامیات پنجاب یونیورسٹی نے سلف کے تصور علم کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنی تعلیمات پر عمل کئے بغیر کامیابی ممکن نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی علوم و فنون کو حد درجہ کمال کے ساتھ نہ صرف سیکھا جائے بلکہ اس پر عمل بھی کیا جائے۔ڈاکٹر عبیدالرحمن محسن نے فتنہ کے دور میں مسلمانوں کے لیے اس بات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شیطانی قوتیں ہر دور میں اہل ایمان کے خلاف عمل پیرا رہی ہیں اس لیے مسلمانوں کو اسلام کی اساس قرآن و حدیث کی تعلیمات سے جڑے رہنا چاہیے۔

ڈاکٹر عزیز الرحمن، امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث جی سکس نے میڈیا میں سلف کے کردار کے حوالے سے کہا کہ موجودہ زمانے میں میڈیا کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے اور الیکٹرانک میڈیا ہو یا پرنٹ میڈیا یہ بات از حد ضروری ہے کہ معاشرے میں صحیح اسلامی افکار کا احیاء ہونا چاہیے۔شیخ الحدیث حافظ مسعود عالم نے علما ء و خطباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام الناس کو پیار محبت اور رواداری کا درس دیں اور فتنہ تکفیر و خروج سے اجتناب کریں کیونکہ اسلام کی تعلیمات آفاقی ہیں اور اسلام امن پسند دین ہے۔

مولانا ابوبکرصدیق حنیف، خطیب مرکز اہلحدیث جی سکس اسلام آباد نے کہا کہ قرآن و حدیث سے محبت رکھنے والے لوگ اہل اللہ ہوتے ہیں اور ایمان کا تقاضا ہے کہ اہل ایمان اپنی زندگیاں صرف قرآن وحدیث کی تعلیمات کے مطابق گذاریں تاکہ جنت اور جنت کے انعامات ان کا مقدر ٹھہریں۔پروگرام کے اختتام پر تمام امت مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔