وزیراعلیٰ پنجاب سے شارجہ، متحدہ عرب امارات کی بزنس وومن کے وفدکی ملاقات، خواتین کی ترقی کیلئے پروگرامز پر تبادلہ خیال،پنجاب اور شارجہ کا خواتین کو مزید بااختیار بنانے کیلئے سماجی و معاشی اقدامات کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق، خواتین کو جتنا زیادہ بااختیار بنایا جائیگا ملک اتنی تیزی سے ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کریگا ، محمدشہبازشریف

پیر 13 فروری 2017 23:30

لاہور۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پیر کے روز یہاں شارجہ، متحدہ عرب امارات کی بزنس وومن کے وفد نے ملاقات کی جس میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے سماجی و معاشی اقدامات اور خواتین کی ترقی کیلئے پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور شارجہ بزنس وومن کونسل کے مابین خواتین کو مزید بااختیار بنانے کیلئے مستقبل میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

وفد کی قیادت امیر شارجہ کی اہلیہ کی سینئر ایڈوائزر ارم مظہر علوی کر رہی تھیں جبکہ وفد میں ڈائریکٹر نامہ وومن ایڈوانس منٹ اسٹیبلشمنٹ ریم عبدل رحیم بن کرم ، قائم مقام چیئرپرسن شارجہ بزنس وومن کونسل شیخا ہند ماجد القاسمی اور سٹریٹجک مینجرلینا ہمدان شامل تھیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے شارجہ بزنس وومن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو جتنا زیادہ بااختیار بنایا جائے گا، ملک اتنی تیزی سے ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرے گا۔

پنجاب حکومت نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے انقلابی نوعیت کے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان کی خواتین انتہائی باصلاحیت ہیں او رملک کی 50 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ تعلیم کے میدان میں بچیوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد ڈگری حاصل کرکے خواتین کو عملی میدان میں آنا ہوگا۔ پاکستان کی دیہی خواتین انتہائی محنتی ہیں۔ دیہی خواتین گھریلو کام کاج کے ساتھ زرعی معیشت کے استحکام کیلئے اپنے خاندان کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتی ہیں۔ پنجاب حکومت نے سرکاری اداروں کے بورڈز میں خواتین کا 33 فیصد کوٹہ مقرر کیا ہے جبکہ سرکاری ملازمتوں میںخواتین کا کوٹہ 15 فیصد رکھا گیا ہے۔

جائیداد کی دستاویزات پر شوہر کے ساتھ بیوی کا نام درج کرنے کیلئے قانون سازی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔خواتین کو مزیدبااختیار بنانے اور ان کی ترقی کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا ہے اور اس ضمن میں شارجہ کے ساتھ مستقبل میں قریبی رابطہ رکھ کر تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

پنجاب کی خواتین کا وفد جلد شارجہ کا دورہ کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے شارجہ بزنس وومن کے وفد کے ساتھ عربی زبان میں بھی گفتگو کی ۔ وفد کی جانب سے روانی کے ساتھ عربی زبان میں گفتگو پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی تعریف کی گئی۔ شارجہ کی بزنس وومن وفد نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے خواتین کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے ہیں۔

خواتین کی ترقی اور انہیں مزید بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو شارجہ کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ۔صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایم این اے بیگم شائستہ پرویز ملک، سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ پنجاب، چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے وومن امپاورمنٹ فضہ فرحان، بانی صدر وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم ، چیئرپرسن کیئرفائونڈیشن سیما عزیز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔