سی سی ٹی وی ویڈیو سے حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ، ٹارگٹ پولیس افسران تھے‘ رانا ثنا اللہ

حملہ آور پیدل ہجوم میں داخل ہوا، قریب کھڑی گاڑی نے دھماکہ برداشت کیا ورنہ زیادہ جانی نقصان کا خدشہ تھا‘وزیر قانون

پیر 13 فروری 2017 22:49

سی سی ٹی وی ویڈیو سے حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ، ٹارگٹ پولیس افسران ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ علاقے کی سی سی ٹی وی ویڈیو کوریج سے حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے ، حملہ پیدل ہجوم میں داخل ہوا اور اس کا ٹارگٹ پولیس افسران تھے ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے تھریٹ الرٹ موصول ہوا ہے اس کے بعد سے پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس ہو رہے ہیں اور اس میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لوگ شامل تھے ۔

اس الرٹ کے بعد پنجاب اسمبلی کے سامنے پہلے سے موجود سکیورٹی کو دیکھا گیا جبکہ اسے بڑھا یا بھی گیا ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سے حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے ۔ حملہ آور پیدل ہجوم میں داخل ہوا اور پولیس افسران وردی میں تھے اس لئے اس نے ان کو ٹارگٹ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں دھماکہ ہوا وہاں ایک طرف گاڑی کھڑی تھی اور دھماکے کا دبائو اس گاڑی نے برداشت کیا وگرنہ زیادہ جانی نقصان کا خدشہ تھا۔