بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی قابل مذمت ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

منگل 14 فروری 2017 11:22

بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی فوج کی اشتعال ..
کوئٹہ۔14فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے اشتعال انگیزی اور بلاجواز فائرنگ کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے تین اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پاک افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ رویے کی ناصرف مذمت کرنا چاہیے بلکہ بھارت کو جارحیت سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ بھی استعمال کرنا چاہیے، جس سے خطے میں حالات خراب ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نا تو پاک افواج اور نہ ہی پاکستانی قوم مرعوب ہو سکتی ہے ، بلکہ بھارت کو بھرپور انداز میں دندان شکن جواب دیا جائیگا۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری اپنے ظلم وجبر اور کشمیری عوام کی تحریک خود ارادیت سے دنیا کی نظریں ہٹا نے کے لیے اس قسم کی کارروائیاں کر رہا ہے لیکن اس کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے شہید سیکورٹی اہلکاروںکے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی ہے، جنہوں نے ارض پاک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔