پاکستان کا ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج

بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے، دفتر خارجہ کی جانب سے مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکے حوالے

منگل 14 فروری 2017 18:17

پاکستان  کا ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2017ء) پاکستان نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارتی فائرنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔ منگل کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی خصوصاً پیر کو بھارت کی جارحیت سے 3 پاکستانی جوانوں کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ بھارت 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے 3 پاکستانی فوجی شہید ہو گئے تھے۔ …(رانا)