صحافت نوکری نہیں ،فریضہ اور کمٹمنٹ کانام ہے جس کے ذریعے علاقہ کے مسائل اجاگر کرنااورحقدارکواس کاحق دلاناہے،مشتاق منہاس

صحافت اور سیاست مشکل کام ہیں ،اس میں اپنے پرائے کی تمیز نہیں رکھنی پڑتی، حقائق کوسامنے لاناپڑتا،قربانیاں بھی دیناپڑتی ہیں، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

منگل 14 فروری 2017 18:38

میرپور/اسلام گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2017ء) آزادکشمیرکے وزیراطلاعات، سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق احمدمنہاس نے کہاہے کہ صحافت نوکری نہیں فریضہ اور کمٹمنٹ کانام ہے جس کے ذریعے علاقہ کے مسائل اجاگر کرنااورحقدارکواس کاحق دلاناہے۔ صحافت اور سیاست مشکل کام ہیں اس میں اپنے پرائے کی تمیز نہیں رکھنی پڑتی۔ حقائق کوسامنے لاناپڑتاہے اورقربانیاں بھی دیناپڑتی ہیں۔

آزادکشمیر کے صحافیوں پرتحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بڑی ذمہ داریاں ہیں وہ تحریک آزاد کشمیر اورخطہ کے مسائل کو اجاگرکرنے میں ذمہ ورانہ صحافت کوفروغ دیں۔ حکومت آزادکشمیر صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن کوشش کرے گی اوران کے جملہ مسائل ومعاملات حل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صحافیوں کوخبرکی رسائی تک مواد فراہم کرنے کے لیے قانون سازی کریں گے۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے اسلام گڑھ پریس کلب کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجدمنہاس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراطلاعات سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق منہاس نے اسلام گڑھ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیااورانھیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارک باد دی۔ تقریب سے نومنتخب صدر راجہ خاورساحل، سید کاشف شاہ، حاجی خالد حسین چوہدری، ذوالفقار بجاڑوی نے بھی خطاب کیا۔

وزیراطلاعات سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق منہاس نے کہاکہ صحافیوں کے قلم کی طاقت قوم کی طرف سے امانت ہے قلم کی طاقت کودرست استعمال کریں تو اس کانام دنیامیں بلند ہوتاہے اور اگرغلط استعمال کیاجائے تو صحافت کی طرف انگلیاںاٹھتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ صحافی معاشرے میں خدمت کے نئے پہلوسے اپنے آپ کوروشناس کروائیں۔ صحافت کا ہتھیار ایٹم بم سے طاقتورہے۔

صحافی حضرات اپنے اندر اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کریں اور اپنے آپ کو منظم اورباوقار بنائیں۔ شعبہ صحافت سے کالی بھیڑوں کاخاتمہ کریں جواس مقدس پیشہ کی بدنامی کاباعث بنتی ہیں۔ صاف ستھری صحافت کوفروغ دیاجائے تاکہ صحافت پرعوام کااعتماد اٹھ نہ سکے۔ انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام اورمیڈیادوست حکومت ہے۔ خبرکے حقائق کے لیے اداروں سے ڈاکومنٹ کے حصول کے لیے قانون سازی کریں گے ۔ صحافیوں کی رہائش اورپریس کلبوں کی تعمیرکے لیے بھی ہرممکن کوشش کریں گے۔ پریس فائونڈیشن کوفعال بنایاجارہاہے اور اس میں مزید اصلاحات لائی جائیںگی۔

متعلقہ عنوان :