لاہور خود کش حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں‘ایسے بزدلانہ حملوں کا مقصد پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنا ہے

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں کی لاہو رمیں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت

منگل 14 فروری 2017 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک، سینئر نائب صدر خالد ملک اور نائب صدر طاہر ایوب نے پنجاب اسمبلی لاہور کے سامنے ہونے والے خودکش حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی جس میں 13قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور تقریبا 70افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی تھی اور کاروباری سرگرمیاں بحالی کی طرف گامزن تھیں۔

انہوںنے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور حملے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی وجہ سے پاکستان اس وقت پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے لیکن ملک دشمن عناصر ملک میں امن و امان کے مسائل پیدا کرنے پر تلے ہوئے ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فارماسوٹیکل شعبے سے وابستہ کاروباری طبقہ اپنے جائز مطالبات کیلئے احتجاجی مظاہرہ کر رہا تھا اور ایسے میں ان کو خودکش حملے کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام ہے۔

انہوں نے دو سینئر پولیس افسران سمیت ہلاک ہونے والے دیگر افراد کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ رنج و غم کے اس موقع پر تاجر برادری سمیت پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہے لیکن ایسے حالات میں جبکہ تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا ہمارے ملک پر اعتماد بہتر ہو رہا تھا پاکستان کو ایسے بزدلانہ حملوں کا نشانہ بناناملک دشمن عناصرکے مذموم عزائم کا عکاس ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کاروباری مراکز اور صنعتی علاقوں سمیت تمام اہم مقامات پر سیکورٹی کے مزید سخت انتظامات یقینی بنائے تاکہ ایسی مزموم کوششوں کا ناکام بنایا جا سکے۔انہوں نے فارماسوٹیکل شعبے سے وابستہ کاروباری طبقہ کے ساتھ بھی دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ ان کے جائز مطالبات کو فوری حل کرے تا کہ ان کے مسائل حل ہوں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملک میں سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے تاجر برادری حکومت اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرے گی۔