ایان علی نے اپنا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی نئی درخواست دائر کردی

منگل 14 فروری 2017 22:28

ایان علی نے اپنا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت ..
اسلام آباد۔14فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ماڈل ایان علی نے اپنا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی نئی درخواست دائر کردی ہے اوراستدعاکی ہے کہ 16فروری کو ان کی درخواست سماعت کیلئے مقررکی جائے، درخواست میں وزارت داخلہ کو فریق بناتے ہوئے آیان علی نے موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود درخواست گزار کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا ،درخواست گزار کو بلاوجہ مارچ 2015ء سے تاحال عدالتی معاملات میں پھنسا کر ہراساں کیا جارہا ہے ، آئین کے آرٹیکل 9کے تحت ہر شہری کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی ہے ،جس کوصلب نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آیان علی نے بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے مکمل کرنے کے لیے بیرون ملک جانا ہے ، ان کی والدہ دوبئی میں بیمارہیں لیکن اس کے باوجود ان کانام ای سی ایل سے نہیں نکالا جارہا جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ،عدالت سے استدعا ہے کہ ان کی درخواست کی سماعت 16فروری کو کی جائے اوران کا نام فوری طور پر ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے ۔