حمزہ شہباز کا میو ہسپتال کا دورہ، سانحہ چیئرنگ کراس کے زخمیوں کی عیادت کی

منگل 14 فروری 2017 23:16

حمزہ شہباز کا میو ہسپتال کا دورہ، سانحہ چیئرنگ کراس کے زخمیوں کی عیادت ..
لاہور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے منگل کی شام میو ہسپتال لاہور میں سانحہ چیئرنگ کراس کے زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج معالجہ کیلئے تمام دستیاب سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی،اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب پولیس کے سینئر افسران نے جلوس کی نگرانی کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے، ان پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوںنے کہاکہ جب یہ واقعہ پیس آیا تو میں چیئرنگ کراس سے چند سو میٹر کے فاصلے پر بیٹھا ہوا تھا اور ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے یہ چھت نیچے گرنے والی ہے ،انہوں نے کہا کہ میں نے ان مائوں کی آہیں سنی ہیں جنہوںنے آج اپنے بیٹوں کی قربانیاں دی ہیں ، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم اس وقت حالت جنگ میں ہے، اب دہشتگردوں کو ان کے گھروںسے نکال کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان ،رینجرز اور پولیس والوں کے ساتھ ہیں اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہم سب ایک ہیں، حمزہ شہباز نے کہا کہ آج ایسے لوگ جو انتشار پیدا کر رہے ہیں انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ یہ وقت انتشار کا نہیں متحد ہو کر دہشتگردوں کا صفایا کرنے کا ہے،انہوں نے کہا کہ جب تک جسم میں خون کا ایک قطرہ بھی باقی ہے ہم دہشتگردوں کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے اور ان کا قلع قمع کر کے ہی دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :