حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں کو مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے باسہولت اور پر آسائش بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،ڈپٹی کمشنر

بدھ 15 فروری 2017 11:03

فیصل آباد ۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں کو مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے باسہولت اور پر آسائش بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ان اقدامات میں مخیر حضرات کی بھر پور معاونت قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے یہ بات فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مقامی صنعتی گروپ صداقت ٹیکسٹائل کے تعاون سے مریضوں کے لواحقین کی سہولت کے لئے ویٹنگ لائونج کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو 70 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے جس میں آرام دہ نشستوں کی تنصیب کے علاوہ ٹائٹس بلاک کی تعمیر اور ٹک شاپ کے لئے بھی جگہ مختص کی گئی ہے ۔

افتتاح کے موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایف آئی سی ڈاکٹر انجم جلال ‘ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رائے ذوالفقار ‘ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عبدالرئوف ‘ فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین خرم مختار ‘صداقت ٹیکسٹائل کے مختار احمد ‘ شعیب مختار‘ حامد مختار و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے خوبصورت اور شاندار ویٹنگ لائونج کی تعمیر میں بھاری تعاون کرنے پر صداقت ٹیکسٹائل گروپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فیصل آباد کے صنعتکار ‘ تاجر اور دیگر مخیر حضرات کی تعلیم ‘ صحت اور عوامی فلاح کے دیگر شعبوں کے منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت ان کا طرہ امتیاز ہے اور عوامی خیر و فلاح کے کاموں میں فیصل آباد شہر ہمیشہ سرفہرست رہا ہے اس سلسلے میں سرکاری ہسپتالوں ‘ تعلیمی اداروں اور دیگر شعبوں میں انکے فلاحی منصوبے نمایاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور خصوصی طور پر صحت کی سہولتوں کو وسیع تر بنایا جارہا ہے اوراس سلسلے میں حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ معاونت کرنے والے مقامی مخیر حضرات کا خیر مقدم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ایف آئی سی میں ایمرجنسی کا توسیعی منصوبہ بھی مقامی صنعتکاروں کے گرانقدر تعاون سے مکمل کرکے دل کے مریضوں کے علاج معالجہ میں وسعت لائی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الائیڈ و ڈی ایچ کیو ہسپتال ‘ جنرل ہسپتالوں ‘تحصیل ہسپتالوں ‘ رورل ہیلتھ سنٹرز ‘ بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولتوں کو جدید اور وسیع بنایا جارہا ہے ۔ خرم مختار نے کہا کہ صداقت ٹیکسٹائل گروپ خالصتا الله تعالی کی خوشنودی اور انسانی خدمت کے فلاحی کاموں میں حصہ لے رہا ہے اور آئندہ بھی عوامی بہبود کے اداروں میں وسعت اور دیگر رفاہی کاموں میں تعاون جاری رہے گا ۔

بعدازاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر انجم جلال اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ رائے ذوالفقار نے ڈپٹی کمشنر کو ایف آئی سی میں دل کے مریضوں کے لئے دستیاب سہولیات اور آئندہ کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ ایف آئی سی پر مریضوں کا بوجھ روز بروز بڑھتا جارہا ہے اور اس ریجن کے علاوہ دور دراز کے علاقوں سے مریض بھی علاج کے لئے رجوع کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 83 فیصد مریضوں کا علاج فری کیا جاتا ہے جبکہ بقیہ مریضوں سے بھی معمولی نوعیت کے چارجز وصول کئے جاتے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایف آئی سی کو درپیش انتظامی و ترقیاتی مسائل کے حل کے لئے معاونت کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :