لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کا خطرہ موجود- دہشت گرد ایک بار پھر شہر میں بڑی تباہی کی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں-حساس اداروں کی رپورٹس‘ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سرچ آپریشن جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 فروری 2017 13:13

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کا خطرہ موجود- دہشت گرد ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-میاں محمد ندیم سے ۔15 فروری۔2017ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے ریڈزون اسمبلی ہال چوک میں خودکش بم دھماکے کے بعد شہر میں خوف کی فضاءقائم ہے اور افواہوں کے باعث شہری بچوں کو تعلیمی اداروں میں بھیجنے سے گریزاں ہیں جبکہ بازاروں میں بھی ویرانی ہے-دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب اور حساس اداروں کی جانب سے تنبیہ پر پولیس اورقانون نافذکرنے والے ادارے شہرکی اہم اور حساس سرکاری عمارتوں ‘شاپنگ مالز‘بازاروں‘ریلولے سٹیشن‘بس کے اڈوں اور دیگر پبلک مقامات کی کڑی نگرانی کررہے ہیں-محکمہ داخلہ پنجاب کے انتہائی معتبرذرائع کا کہنا ہے کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں اور حساس اداروں کی جانب سے لاہور میں تعلیمی اداروں‘اہم سرکاری عمارتوں اور پبلک مقامات پر دہشت گردی کے واقعات رونماءہونے کا خدشہ ہے-ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ رپورٹس کے مطابق لاہور میں داخل ہونے والے خود کش حملہ آوروں کی تعداد تین سے زیادہ ہے جن میں سے ایک نے مال روڈپر اسمبلی ہال چوک میں خود کو دھماکے سے اڑیا جس میں دواعلی پولیس افسران سمیت پندرہ سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اس کے مزیدساتھیوں کی تعداد ممکنہ طور پر دوہوسکتی ہے -رپورٹس میں صوبائی حکومت کو خبردار کیا گیا ہے کہ دہشت گرد ایک بار پھر شہر میں بڑی تباہی کی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں اور ان کے ممکنہ اہداف میں تعلیمی ادارے‘اہم سرکاری عمارتیں‘شاپنگ مالز اور دیگر پبلک مقامات ہوسکتے ہیں - دوسری جانب لاہو ر پولیس کے اعلی حکام کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں مختلف دنوں میں لگنے والے سستے بازاروں کی سیکورٹی کو بھی انتہائی سخت کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں اور تمام متعلقہ تھانوں کوایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ تھانہ میں موجود مارکیٹوں‘بازاروں اور پبلک مقامات کی سیکورٹی کے لیے سخت ترین انتظامات کریں -پولیس کی جانب سے شہرکے داخلی وخارجی راستوں کی بھی سخت نگرانی کی جارہی ہے-ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے شہرکے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے اور گزشتہ دودنوں کے دوران درجنوں مشکوک افراد کو گرفتار کرکے انہیں تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کیا گیا جبکہ سی ٹی ڈی کی جانب سے بھی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کاروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلہ میں کچھ گرفتاریں بھی عمل میں آئی ہیں -


لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کا خطرہ موجود- دہشت گرد ..