کراچی کے حالات سرمایہ کاری کے لئے نہایت ساز گار ہیں ،گورنر سندھ

ہمیں کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلوانی ہے ،قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے خزانہ اور نجکاری کے چیئرمین قیصر احمد شیخ سے ملاقات میں اظہار خیال

بدھ 15 فروری 2017 14:09

کراچی کے حالات سرمایہ کاری کے لئے نہایت ساز گار ہیں ،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے خزانہ وریونیو ،معاشی امور اور نجکاری کے چیئرمین قیصر احمد شیخ نے گورنر ہاس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں اضافہ کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں،ہمیں کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلوانی ہے حکو متی پالیسیوں کی تشکیل میں مجالس قائمہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی حب ہے اس شہر کی معاشی و اقتصادی ترقی پورے ملک کی ترقی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد غیرملکی سرمایہ کار اس شہر میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں اس ضمن میں حکومت بھی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے ۔انہوں نے پوری دنیا میں پاکستان با الخصوص کراچی کا منفی تاثر ابھارا گیا لیکن آج صورتحال یکسر تبدیل ہو چکی ہے جس کا اعتراف دنیا بھر سے پاکستان آنے والے مبصرین ، سرمایہ کار ، تاجر و صنعتکار اور وفود کررہے ہیں ہمیں اس جانب بھی بھرپور توجہ دینا ہو گی ۔