پانی کی بندش کیخلاف احتجاج کیس میں میئر کراچی وسیم اختر اور خواجہ اظہار الحسن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

بدھ 15 فروری 2017 16:21

پانی کی بندش کیخلاف احتجاج کیس میں میئر کراچی وسیم اختر اور خواجہ اظہار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) کراچی کی مقامی عدالت نے پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کیس میں میئر کراچی وسیم اختر اور خواجہ اظہار الحسن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے ۔عدالت نے مذکورہ کیس میں فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی سمیت 15 سے زائد رہنماؤںکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی ہے ۔

بدھ کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں سی ایم ہاوس کے باہر پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کرنے پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی ۔

(جاری ہے)

عدالت میں محفوط یار خان اور ساتھی اسحاق پیش ہوئے ۔جبکہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار اور مئیر کراچی وسیم اختر کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ جب بھی عدالت ملزمان کو بلائے تو ملزمان کی جانب سے حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری انب کیس کی تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر عدالت نے کورٹ محرر کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ۔ عدالت نے اس کیس میں مفرور ملزمان فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی سمیت 15 سے زائد رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی ہے ۔