جہا نگیر بدر ایک کامیاب سیاستدان اور کامیاب وکیل تھے‘محمد رفیق رجوانہ

آج پارٹی جن حالات سے گزر رہی ہے اسے آج جہانگیر بدر کی سب سے زیادہ ضرورت ہے‘قمر الزمان کائرہ جہانگیر بدر ایک ہمہ جہت شخصیت ‘ ایک کامیاب باپ ، بھائی اور دوست تھے،وہ پیپلزپارٹی میں سوائے چیئرمین کے ہر عہدے پر رہے‘احسان وائیں اور دیگر کا لاہور ہائیکورٹ بار میں جہا نگیر بدر کی یاد میں منعقد سیمینار سے خطاب

بدھ 15 فروری 2017 17:29

جہا نگیر بدر ایک کامیاب سیاستدان اور کامیاب وکیل تھے‘محمد رفیق رجوانہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2017ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ جہانگیر بدر نے عام آدمی کے حقوق کی سیاست کی ، وہ اصول پسند اور حق کی بات پر ڈٹ جانے والے شخص تھے ‘جہا نگیر بدر نے عام آدمی کے حقوق کی صرف باتیں نہیں کیں بلکہ عملی طور پر عام آدمی کے حق کی سیاست کرکے دکھائی، وہ ایک کامیاب سیاستدان اور کامیاب وکیل تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما جہانگیر بدر مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ،جنرل سیکرٹری پیپلز لائر فورم الیاس خان ، صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیاء عبدالرحمن، صدر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن فرحان شہزاد،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما احسان وائیں ،ایڈوکیٹ انس غازی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ جہانگیر بدر جدوجہد کی داستان تھے‘زمانہ طالب علمی سے ہی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کیا اور پھر کبھی مڑکر واپس نہیں دیکھا، انہو ں نے جیلوں کی پروا ہ نہ کر تے ہوئے جمہوریت کا الم بلند کیا،وہ ایک نظریاتی ، اصول پسند اور حق کی بات پر ڈٹ جانے والے شخص تھے،وہ اپنی قیادت کی ہر بات کی ہاں میں ہاں نہیں ملاتے تھے بلکہ قیادت کی غلطیوں پر کھل کر تنقید بھی کر تے تھے۔

وہ کہتے تھے کہ ایسی جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں جس کے ثمرات عام آدمی کو نہ ملیں ، انہو ں نے عام آدمی کے حقوق کی صرف باتیں نہیں کیں بلکہ عملی طور پر عام آدمی کے حق کی سیاست کرکے دکھائی۔ انہوں نے کہاکہ جہانگیر بدر ایک کامیاب سیاستدان اور کامیاب وکیل تھے، مجھے بھی وکالت کا فن آتا ہے ، میں وکیل ہوں اور وکیل ہی رہوں گا،گورنر ہائوس میں بیٹھ کر بھی کا لا کوٹ پہن کر فخر محسوس کر تاہوں ۔

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی مرکزی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر جہانگیر بدر پاکستان پیپلزپارٹی کے لئے اتنی قربانیا ں نہ دیتے تو آج پاکستان پیپلزپارٹی کا وجو دنہ ہوتا، آج پارٹی جن حالات سے گزر رہی ہے اسے آج جہانگیر بدر کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، وہ ایک بے مثال سیاسی کارکن تھے،پارٹی کے تمام کارکنوں کو جہانگیر بدر بننے کی ضرورت ہے۔

انہو ں نے کہا کہ مال روڈ پر ہونیوالے خوفنا ک حادثے کی مذمت کر تے ہیں، افسوس ہے کہ پنجاب میں دہشتگردوں کو سپورٹ کرنے والی تنظیموں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیاجا رہا،دہشتگردی کے خاتمے کے لئے صرف عسکری ارادوں کی ہی نہیں بلکہ سیاسی قیادت کے بھی پختہ ارادوں کی ضرورت ہو تی ہے، حکومت وقت نیشنل ایکشن پلان میں طے کردہ مائنڈ سیٹ کے خلاف کام کرنے میں مکمل پہلو تہی برت رہی ہے،حکمران قومی مفاد پر ذاتی مفادات کوترجیح دے رہے ہیں ، انہیں اپنی یہ روش تبدیل کرنا ہوگی ،پنجاب حکومت صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوج اور رینجرز کے تحت آپریشن کا خود فیصلہ کرے ۔

عوامی نیشنل کے رہنما احسان وائیں نے کہا کہ جہانگیر بدر ایک ہمہ جہت شخصیت تھے ، وہ ایک کامیاب باپ ، بھائی اور دوست تھے،وہ پیپلزپارٹی میں سوائے چیئرمین کے ہر عہدے پر رہے،وہ پا رٹی سے بہت مخلص تھے ، یہی وجہ ہے کہ ان کے چھوڑے ہوئے نقوش آج بھی باقی ہیں ، وہ ہم سب کے دلوں میںزندہ تھے ، ہیں اور رہیں گے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ جہانگیر بدرنے ہمیشہ غریب کے حق کی سیاست کی، ان کو عہدے خیرات میں نہیں ملے بلکہ انہوں نے اپنی محنت سے حاصل کیے، وہ ہم سب کے دلوں میںزندہ تھے ، ہیں اور رہیں گے۔