سینئر صحافی و کالم نگار محمد اسلم خان کے والد رانا محمد اشرف خان طویل علالت کے بعد وفات پا گئے

مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی، وزارت اطلاعات کے افسران، سیاسی ، سماجی شخصیات ، صحافیوں کی نماز جنازہ میں شرکت

بدھ 15 فروری 2017 18:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) سینئر صحافی اور کالم نگار محمد اسلم خان کے والد رانا محمد اشرف خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، ان کی عمر 75 سال تھی۔ بدھ کی دوپہر ان کی نماز جنازہ میڈیا ٹائون اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کے علاوہ سابق چیئرمین پیمرا اور سیکرٹری اطلاعات رشید احمد چوہدری، حکومت پاکستان کے پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) رائو تحسین علی خان، ڈپٹی ڈی جی پی آئی ڈی طاہر خوشنود، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی پی سہیل علی خان،صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جی) کے صدر افضل بٹ، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، ممتاز سماجی شخصیات، مرحوم کے عزیز و اقارب، کالم نگاروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ کے بعد مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ بعد ازاں میت تدفین کے لئے آبائی گائوں بڈھا گورائیہ، تحصیل کامونکی ضلع گوجرانوالہ روانہ کر دی گئی جہاںانہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔دریں اثناء وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی ، وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر محمد علی درانی نے سینئر صحافی اور کالم نگار محمد اسلم خان کے والد رانا محمد اشرف خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

متعلقہ عنوان :