جہانگیر بدر کی جمہوریت کے لئے قربانیاں لازوال ہیں، آمریت کے خلاف جد و جہد کرتے رہے، مشکل حالات میں پیپلز پارٹی کو زندہ رکھا، اگر کسی نے سیاست شروع کرنی ہے تو وہ پہلے جہا نگیر بدر کی شخصیت کا مطالعہ کرے،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ، قمر زمان کائرہ ودیگر کا لاہور ہائیکورٹ بار میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب

بدھ 15 فروری 2017 19:12

جہانگیر بدر کی جمہوریت کے لئے قربانیاں لازوال ہیں، آمریت کے خلاف جد ..
لاہور۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر جمہوریت کے لئے جد وجہد کی ایک داستان ہیں اور وہ ذوالفقار علی بھٹو کے پیروکار تھے زمانہ طالب علمی سے ہی قید اورکوڑوں کی سزاؤں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہمیشہ جمہوریت کا علم بلند رکھا اورآمریت کے خلاف جد و جہد کی۔

اس امر کا اظہار انہوں نے بدھ کو پیپلز لائرز فورم کے زیر اہتمام لاہور ہائیکورٹ بار میں پی پی پی کے رہنما جہانگیر بدر مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جہانگیر بدر تنظیمی سیاست کرنے والے نظریاتی رہنما تھے وہ اصولی موقف رکھنے والے انسان تھے اس لئے وہ اپنی پارٹی کے بھی ناقد رہتے اور وہ کہتے تھے کہ اگر عام لوگوں کی حالت نہ بدلی اور جمہوریت کے ثمرات عام لوگوں تک نہ پہنچے تو اسکا کوئی فائدہ نہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ میں پہلی بار 1996ء میں سینیٹر بنا تو جہانگیر بدر سے سینیٹ میں تعلق بنا بعدازاں ان کے ساتھ بیرونی ممالک کے دوروں پر جانے کا موقع بھی ملا انہیں جدوجہد کرنے والا نظریاتی کمیٹڈ سیاسی کارکن پایا اس لئے بیرون ملک بھی انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا جو ایک مخلص رہنما کی پہچان ہوتی ہے اگر کسی نے سیاست شروع کرنی ہے تو وہ پہلے جہا نگیر بدر کی شخصیت کا مطالعہ کرے، گورنر پنجاب نے سانحہ لاہور پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کامیابی سے جاری ہے موجودہ حالا ت میں تمام سیاسی جماعتیں اپنے فروعی اختلافات بھلا کر ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کریں،بحیثیت قوم متحد ہو کر ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر و سابق وفاقی وزیر اطلات و نشریات قمر زمان کائرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہا نگیر بدر نے ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو ، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کام کیا اس طرح انہوں نے پارٹی کی تین نسلوں کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل کیا جو کم ہی لوگوں کو ملتا ہے وہ پارٹی کے سب عہدوں پر فائز رہے لیکن اپنے آپ کو کارکن کہلوانے پر فخر محسوس کرتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی متعدد بار کوششیں کی گئیں لیکن جہا نگیر بدر نے مشکل حالات میں پارٹی کو زندہ رکھا اور تمام تر سازشوں کے باوجود پارٹی کو اس مقام پر پہنچایا بلا شبہ وہ پارٹی کے کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہیں اب پارٹی کے ہر کارکن کو جہا نگیر بدر بننا ہوگا، قمر زمان کائرہ نے سانحہ لاہور کی سخت الفاظ میں مذ مت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، آپریشنل سطح پر سکیورٹی ادارے حوصلہ افزاء کام کر رہے ہیں اور دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں تاہم اسکا دوسرا پہلو ’’ مائنڈ سیٹ‘‘ بھی ہے جسے تبدیل کرنے کے لئے سیاسی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اے این پی کے رہنما احسان وائیں نے کہا کہ فاٹا کو ملک کا حصہ بنایا جائے ، ملک کے اندر سیاسی مفاہمت کی فضا پیدا کی جائے تاکہ درپیش ملکی مسائل کا حل نکالا جا سکے،تعزیتی ریفرنس سے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر را نا ضیاء عبد الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے ساتھ ایک بڑا ناسور کرپشن کا بھی ہے، کرپشن کے خاتمے کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جہا نگیر بدر بار کے ممبر وکیل بھی تھے جمہوریت کیلئے انکی خدمات گراںقدر ہیں، تعزیتی ریفرنس سے پیپلز لائرز کے رہنما الیاس خان ، ملک منصف اعوان ، راجہ عبد الرحمن انصاری سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔