وفاقی محتسب پاکستان سلمان فاروقی نے بورسٹل جیل فیصل آبا دمیں قیدی بچوں کیلئے لٹریسی سنٹر کا افتتاح کر دیا

بدھ 15 فروری 2017 19:33

فیصل آباد۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) وفاقی محتسب آف پاکستان سلمان فاروقی نے بدھ کو یہاں بورسٹل جیل کا دورہ کیا۔انہوںنے اپنے دورہ کے دوران جیل میں ایک اصلاحاتی پروگرام کے تحت قائم کردہ قیدی بچوں کیلئے لٹریسی سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس سنٹر میں قید ی بچوں کو تعلیم و تربیت اور ہنر کی فراہمی کیلئے 4کتب پر مشتمل 6ماہ کے خصوصی تربیتی کورسز کروائے جائیں گے ۔

یہ سنٹر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ،کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ادارہ وفاقی محتسب کے مشترکہ اشتراک سے قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد جیل میں قید ی بچوں کو تعلیم و تر بیت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے۔اس موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب پاکستان سلمان فاروقی نے کہا کہ مجھے آج اپنے بورسٹل جیل کے دورہ کے دوران بچوں کے چہروں پر خوشی اور جیل کے کمروں کی تزئین و آرائش کو دیکھ کر انتہائی مسرت حاصل ہو ئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بورسٹل جیل میں اصلاحاتی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بھر پور کردار کو بھی سراہا۔انہوںنے کہا کہ مذکورہ سنٹر جیل میں قید بچوں کو نصابی و فنی تعلیم فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو گا ۔انہوںنے مزید کہا کہ لٹریسی سنٹر کے قیام کا یہ سلسلہ ملک بھر کی 85دیگر جیلوں تک بڑھایا جانا چاہیے تاکہ بچے جیلوں میں جدید نصابی و فنی تعلیم حاصل کر کے جب جیل سے باہر نکلیں تو وہ ایک مفید شہری کے طور پر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

انہوںنے کہا کہ جیل ریفارمز کے کام کا آغاز ڈائریکٹر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ اسلام آباد / سیکرٹری جیل ریفارمز کمیٹی زریاب مسرت نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے شروع کیا تھا اور ان کی اس کاوش کی بدولت آج ہم بورسٹل جیل فیصل آباد میں لٹریسی سنٹر کا افتتاح کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ اس سنٹر کے قیام کے سلسلہ میں سپر نٹنڈنٹ بورسٹل جیل شیخ اظہر حیات کا تعاون بھی لائق تحسین ہے ۔

انہوںنے امید ظاہر کی کہ اس جیل میں قید 43بچوں کو میعاری نصابی و فنی تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔اس موقع پر وفاقی محتسب ریجنل سیکرٹریٹ فیصل آباد کے ڈائریکٹر جنرل شیخ ظفر اقبال ، ایڈوائزر محمد رفیق حسن ، ایڈوائزر شاہد حسین جیلانی ، میاں احسن صدیق جنرل منیجر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ فیصل آباد و چنیوٹ، بریگیڈیئر (ر) محمد رفیع بٹ کامسیٹ، ریاض احمد ڈائریکٹر آپریشن این سی ایچ ڈی پنجاب، سارہ کول مین سربراہ چائلڈ پروٹیکشن پاکستان ، زریاب مسرت سیکرٹری جیل ریفارمز کمیٹی ، حامد جاوید چیئر مین جیل ریفارمز کمیٹی ،محمد ایوب صابر وائس چیئر مین جیل ریفارمز کمیٹی ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آباد نذیر احمد گجیانہ ، سپرنٹنڈنٹ بورسٹل جیل فیصل آباد شیخ اظہر حیات اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :