آئی ٹی ٹیکنالوجی پارک کی اسلام آباد میں تعمیر کیلئے ایگزام بینک کے ساتھ قرضہ کے حصول کیلئے معاہدہ کی تقریب 21فروری کو ہو گی ،ْانوشہ رحمن

وزیراعظم محمد نوازشریف عوام سے منتخب ہو کر آئے ہیں ،ْ منشور کے ساتھ حکومت سنبھالی ہے ،ْعوام سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے ،ْگفتگو

بدھ 15 فروری 2017 20:48

آئی ٹی ٹیکنالوجی پارک کی اسلام آباد میں تعمیر کیلئے ایگزام بینک کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے پہلے آئی ٹی ٹیکنالوجی پارک کی اسلام آباد میں تعمیر کیلئے ایگزام بینک کے ساتھ قرضہ کے حصول کیلئے معاہدہ کی تقریب 21فروری کو ہو گی۔ آئندہ ہفتے پاکستان میں اُردو زبان پر مبنی ڈیٹا بروزنگ ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے (.com.pk) کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

چاروں صوبوں میں اینکوبیشن سنٹرز کے قیام پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ وہ نیشنل ٹیلی کام کمیونیشن کارپوریشن کی ایکسیلینس ایوارڈ تقریب سے خطاب کررہی تھیں بریگیڈیئر (ر) وقار رشید نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید ‘ سینیٹر تاج آفریدی ‘ پی ٹی اے کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ ‘ این ٹی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل مہراج گل سمیت وزارت اور این ٹی سی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انوشہ رحمن نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف عوام سے منتخب ہو کر آئے ہیں اور ایک منشور کے ساتھ حکومت سنبھالی ہے۔ہم نے عوام سے جو وعدے کئے وہ ہر صورت پورے کریں گے۔ وزیراعظم کے تصور کے مطابق ہم نے گوادر پورٹ شاہرات ‘ موٹروے کی تعمیرات بجلی کی اضافی پیداوار کے منصوبے جہاں شروع کئے وہیں ٹیلی کام اور آئی ٹی کے شعبے میں بھی بے مثال کامیابیاں حاصل کی جارہی ہیں اور بے شمار منصوبوں پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اردو ڈیٹا کے حب کے لئے ڈاٹ پاکستان (.pakistan) کی رجسٹریشن آئندہ ہفتے ہو جائے گی۔ جس کے تحت تمام بروزنگ اپنی زبانوں میں مقامی رجسٹریشن کے تحت رسائی ملے گی۔ اس مقصد کے لئے عالمی معیارات کے مطابق منصوبہ مکمل کیا جائے گا جس کے لئے این ٹی سی کو ٹاسک دیا گیا ہے جو ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے بڑے آئی ٹی پارک کی تعمیر کا منصوبہ شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔

21 فروری کو کوریا کے بڑے بینک ایگزام کے فنانشل ہیڈ پاکستان آرہے ہیں اور آئی ٹی پارک کے لئے قرضہ کی فراہمی پر دستخط کئے جائیں گے یہ پارک چک شہزاد میں تعمیر کیا جائے گا۔انوشہ رحمن نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لئے پہلے اینکوبیشن سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ مزید 4 سنٹروں کے قیام چاروں صوبوں کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ جن کی تعمیر جلد شروع کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان اینکوبیشن سنٹرز پر آئی ٹی کے ماہر نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں اور آئیڈیاز کو عملی جامعہ پہنانے کی سہولت فراہمی کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔ اس کے بعد ڈیرہ بگٹی اور کوئٹہ کے دوسرے علاقوں میں بھی یہ منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں ںے کہا کہ حکومت نے ایک جامع پالیسی کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت ملک کے ان علاقوں جہاں ایک سو کے قریب لوگوں کی آبادی ہے کو انٹرنیٹ براڈبینڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ این ٹی سی کے ایم ڈی نے اپنے سروے میں 97 فیصد کارکردگی کا دعویٰ کیا ہے۔ مگر ہماری رپورٹس میں یہ 73فیصد دیکھنے میں آئی انہیں شاہد میری بات ناگوار گزرے مگر میری دعا ہے کہ ان کی کارکردگی 100فیصد ہو جائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این ٹی سی کے ایم ڈی وقار رشید نے کہا کہ 87 فیصد نئے ایکسچینجز لگائے گئے، اے ڈی پی کی پراگرس 25، 30 فیصد بڑھ کر اب 100 فیصد ہو گئی ہے۔

نارووال، منڈی بہائو الدین، حافظ آباد اور جڑانوالہ میں ایکسچینجز کے قیام کیلئے جگہ خریدی گئی ہے۔ سٹی وائز ایکسیچینجز کے نیٹ ورک میں 55 فیصد اضافہ کیا گیا اور 27 نئے اضلاع میں نیٹ ورک پہنچایا گیا۔ ٹیلی فون صارفین میں 6 فیصد اور براڈ بینڈ صارفین میں 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تھری جی اور فور جی کے فروغ کیلئے مختلف کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کئے گئے۔

وقار رشید نے کہا کہ ادارہ کے منافع میں 278 فیصد اضافہ ہوا جو ہماری بڑی کامیابی ہے، ہم سی پیک کے تحت پاکستان، چین، ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان آپٹیکل فائبر رابطہ اور گوادر میں سب میرین سی پیک ڈیٹا سنٹر کے قیام کیلئے کوشاں ہیں جس کیلئے فزیبلٹی تیار کی جا رہی ہے۔ تقریب کے آخر میں شاندار کارکردگی کے حامل ملازمین کو ایوارڈ دیئے گئے۔ سینیٹر شاہی سیّد، چیئرمین پی ٹی اے اور وزیر مملکت انوشہ رحمن کو بھی یادگاری شیلڈز دی گئیں۔