حکومت نے خود کش دھماکے کی تحقیقات کیلئے پانچ رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی

ایس پی سی ٹی ڈی محمد اقبال ٹیم کی سربراہی کرینگے،آئی ایس آئی اور آئی بی بی کے افسر بھی شامل ہونگے

بدھ 15 فروری 2017 23:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) پنجاب حکومت نے چیئرنگ کراس خود کش دھماکے کی تحقیقات کے لئے پانچ رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی ،ایس پی سی ٹی ڈی محمد اقبال ٹیم کی سربراہی کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے چیئرنگ کراس چوک میں ہونے والے خود کش دھماکے کی ایف آئی آر درج کرنے کے بعد وزارت داخلہ کو تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کی درخواست کی تھی ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایس پی سی ٹی ڈی محمد اقبال پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی کریں گے جبکہ انسپکٹر سی آئی اے طارق الیاس کیانی ، انسپکٹر سی ٹی ڈی محمد صدیق کے علاوہ آئی ایس آئی اور آئی بی کے افسران اس کا حصہ ہوں گے، دونوں اداروں کی جانب سے جے آئی ٹی کیلئے ایک ایک افسر کا نام دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد،جیو فنسنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل ہونے والی فوٹیجز کے ذریعے تحقیقات کر ے گی۔

جے آئی ٹی کوسیف سٹی کی سی سی ٹی وی ویڈیوسمیت اہم معمولات تک رسائی ہو گی اس کے علاوہ ٹیم جائے وقوعہ کے اردگرد لگے پرائیویٹ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مدد حاصل کرے گی اس کے علاوہ دیگر تحقیقاتی ٹیموں کی طرف سے اکٹھے کئے گئے شواہد کا بھی جائزہ لیا جائیگا ۔اس کے ساتھ جائے وقوعہ سے تحویل میں لئے گئے ٹرک،موٹرسائیکل اوردیگرسامان کی بھی باریک بینی سے چھان بین کی جائیگی اور تمام اشیا ء کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جائے گا ۔جے آئی ٹی دھماکے کے شبے میں حراست میں لئے گئے مشتبہ افراد سے بھی پوچھ گچھ کرے گی جبکہ زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :