بلاول بھٹو زرداری کا پشاور میں بم دھماکے اور علامہ تصور حسین نقوی الجوادی پر حملے کی مذمت

نواز حکومت نا معلوم وجوہات کے سبب قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد سے گریزاں ہے،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

بدھ 15 فروری 2017 23:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں بم دھماکے اور آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں ایم ڈبیلو ایم کے جنرل سیکریٹری علامہ تصور حسین نقوی الجوادی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مذکورہ واقعات کو دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے قرار دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ دہشتگردی کے ظالمانہ و ہولناک واقعات میں تواتر کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے لیکن نواز حکومت نا معلوم وجوہات کے سبب قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد سے گریزاں ہے۔

اچھے اور برے دہشتگرد کی لغت ، ان لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لئے استعمال کی گئی، جن کو جب چاہا نشانہ بنایا گیا، ورنہ وہ تمام قوم کو خوفزدہ کرنے کے درپہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدآمد اپنی مرضی کے تحت نہیں ہوسکتا، جس طرح حکومت کرتی آئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور دہشتگردی کے متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے جنرل سیکریٹری برائے آزاد کشمیر پر قاتلانہ حملہ بھی دہشتگردی تھا اور انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی مصیبت اب وادی کی طرف رینگھ رہی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے واقعات کے دوران اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔#