سپریم کور ٹ نے پیمرا کو نجی ٹی وی چینل بول کے پروگرام ’’ایسا نہیں چلے گا‘‘ کی بندش کا معاملہ تین ہفتوں میں نمٹانے کی ہدایت کر دی

بدھ 15 فروری 2017 23:57

سپریم کور ٹ نے پیمرا کو نجی ٹی وی چینل بول کے پروگرام ’’ایسا نہیں چلے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) سپریم کور ٹ نے نجی ٹیلی ویژن چینل بول کے میزبان عامر لیاقت کے پروگرام ’’ایسا نہیں چلے گا‘‘ کی بندش سے متعلق معاملہ کے حوالے سے دائر نظر ثانی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے پمرا کو تین ہفتوں میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اگر بول انتظامیہ کی جانب سے اس بارے میں کوئی التوا ء لیا گیا تو پھر پیمرا پر تین ہفتوںکے اندر اندر معاملہ نمٹانے کی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا ، بدھ کوجسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس مظہر عالم پر مشتمل تین رکنی بنچ نے بول ٹیلی ویژن کی جانب سے دائر نظر ثانی کی درخواست کی سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے شہا ب سرکی ایڈووکیٹ پیش ہوئے ،توعدالت نے ان کو پیمرا کے 26 جنوری کے شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جب ہم نے چیئرمین پیمرا کو اپیل کی سماعت کے دوران حکم جاری کیا تو آپ سندھ ہائی کورٹ میںکیوں چلے گئے، فاضل وکیل نے کہا کہ آئین ہمیںیہ حق دیتا ہے کہ ہم عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں کیونکہ پروگرام میں کسی قسم کی نفرت انگیز تقریر نہیں کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جسٹس امیر ہانی مسلم نے ان سے کہا کہ آپ نے ہمارے تحریری حکم کا انتظار تک نہ کیا اور غلط بیان دے کر سندھ ہائی کورٹ سے اسی دن ہی پروگرام کے بارے میں حکم امتناع حاصل کر لیا تھا ، آپ چاہیں تو پروگرام کے نفرت انگیز ہونے یا نہ ہونے کے معاملہ پر اسی وقت فیصلہ جاری کردیتے ہیں ، پیمرا کی جانب سے پروگرام کا جو متنازعہ متن جمع کروایا ہے آپ اسے پڑھ کردیکھیں، آپ کو خود ہی معلوم ہو جائے گا کہ اس میں نفرت انگیز باتیں کی گئی ہیں یا نہیں،جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ عدالت انصاف کی فراہمی کے عزم پرکاربندہے، لیکن قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انصاف کی فراہمی ممکن ہے،جس پر فاضل وکیل نے کہا کہ ا نسانوں سے ہی غلطیاں ہو جاتی ہیں، اسی روز سے پروگرام بند ہے جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ آپ ایسی غلطیاں کیوں کرتے ہی جب اس قسم کے پروگرام چلائے جاتے ہیں تو پیمرا کی شکایات کونسل ایکشن لیتی ہے، بعد ازاں فاضل عدالت نے چیئرمین پیمرا کو تین ہفتوںکے اندر اندرمعاملہ نمٹانے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔