محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو موسم گرما کی سبزیوں کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

جمعرات 16 فروری 2017 14:04

فیصل آباد۔16 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کریلا، گھیا کدو، چپن کدو، کالی توری، بھنڈی، گھیاتوری، بینگن ، ٹماٹر ، سبز مرچ، شملہ مرچ ، تر ، کھیرا،پیٹھاوغیرہ سمیت موسم گرما کی دیگر سبزیوں کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ مذکورہ سبزیوں کی کاشت اگلے ماہ مارچ کے اختتام تک مکمل کی جاسکتی ہے جبکہ مارچ کے بعد کاشت کی گئی سبزیاں مناسب پیداوار فراہم کرنے سے قاصر رہتی ہیں کیونکہ درجہ حرارت کی تبدیلی ان پر اثر انداز ہوتی ہے ۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ موسم گرما کی آمد کے باعث ماہ مارچ کے اختتام تک کاشت کی جانے والی موسم گرما کی سبزیوں سے بہتر فصل اور اچھے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیںکیونکہ مذکورہ سبزیاں موسم گرما کے دوران 20سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر بہترین نشو ونما پاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اگر مارچ کے بعد ان سبزیوں کو کاشت کیا جائے تو درجہ حرارت کی کمی بیشی پیداوار کو متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی درجے والی زرخیزمیرازمین کا ہونا ضروری ہے نیز سبزیوں کی کاشت سے چند روز قبل گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے سے زمین مزید بہتر پیداوار دینے کا موجب بن سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ کاشتکا ر محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے ایسی اقسام کا بیج استعمال کریں جو اگائو کی بہتر شرح کے ساتھ ساتھ کیڑے مکوڑوں کے حملہ اور مختلف بیماریوں کے خلاف بھر پور قوت مدافعت رکھتی ہوں۔

متعلقہ عنوان :