ملک کے اہم تعلیمی اداروں کے ماسٹر ٹرینرز کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا

یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات اور ملک گیر نیٹ ورک کو سراہا

جمعرات 16 فروری 2017 18:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) ملک کے اہم تعلیمی اداروں کے ماسٹر ٹرینرز نے جمعرات کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات اور ملک گیر نیٹ ورک کو سراہا۔ انہوں نے معیار تعلیم میں بہتری لانے کے لئے یونیورسٹی کے حالیہ اقدامات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ان کا دورہ 30 ویں ماسٹر ٹرینرز فیکلٹی پروفیشنل ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ تھا جو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لرننگ انوویشن ڈویژن نے شروع کیا ہوا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے انہیں یونیورسٹی کے نظام تعلیم، علمی خدمات اور طلباء کے سپورٹ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بامعنی اور معاشرتی مسائل سے وابستہ ریسرچ کلچر کا فروغ اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ ان کے نزدیک سب سے اہم ایریاز ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے انہیں ملک کی سماجی و اقتصادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کئے گئے نئے تعلیمی پروگرامز کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹونے ناخواندگی کے خاتمہ کے لئے غیر رسمی نظام تعلیم کا خیال اخذ کیا تھا اور ان کی کوشش سے پاکستان میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی قائم ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے ہر دور میں بھرپور انداز میں محنت کرکے دنیا کی چار میگا یونیورسٹیوں میں اپنا نام شامل کرایا اور اب یونیورسٹی کے طلباء کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

ایچ ای سی کے پیشہ وارانہ اساتذہ پیدا کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ طلباء کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے اساتذہ کو رول ماڈل بننا چاہئے اور اپنے روزمرہ افعال کے ذریعہ طلباء کو معاشرے کیلئے مفید ترین افراد بننے کی ترغیب دینا چاہئے۔ انہوں نے ماسٹر ٹرینرز کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی شعبہ میں تیزی سے تبدیلی سے اپنے آپ کو اپ ڈیٹ رکھیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر ناصر محمود ،ْ ڈاکٹر نویدہ سلطانہ اور ڈاکٹر زاہد مجید نے بھی وفد کو گذشتہ دو سال کے دوران یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر )لرننگ انوویشن( ہائر ایجوکیشن کمیشن محمد شبیر بیگ نے ٹریننگ کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔

متعلقہ عنوان :