چودھری یاسین کی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا

جمعرات 16 فروری 2017 18:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمدیٰسین نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹرسراج الحق سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر ان کو آگاہ کیا ۔ چوہدری محمدیٰسین نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے ۔

گزشتہ ایک ہفتہ سے 10سے زائد بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔ درجنوں کوزخمی کردیا گیا ۔ وادی کرفیو کا سماں ہے ،بھارت نے مزید فوجیں مقبوضہ کشمیر میں بھیج دی ہیں اور وہاں مظالم کی انتہا ہوچکی ہے جس پر مقبوضہ کشمیر کے حالات انتہائی کشیدہ ہوچکے ہیں ، پاکستان کی سیاسی جماعتیں کے قائدین سے اپیل ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی اس نازک صورتحال پر اپنا کردار ادا کریں، اس کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو ختم کر کے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے ایک قومی کانفرنس بلائی جائے جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر متفقہ لائحہ عمل طے کیاجاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر بھر میں مظالم کیخلاف احتجاج کا سلسلہ عروج پر ہے اور بھارتی حکومت نے تمام قائدین کو نظر بند کررکھا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔ ان حالات میں پاکستان کی قومی قیادت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ موجودہ صورتحال پر یکجا ہو کر اقوام عالم کو اس بات پر مجبور کریں کہ وہ بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے کہ وہ نہتے عوام پر مظالم کا سلسلہ بند کریں اور اقوام متحدہ کے مشن کو مقبوضہ کشمیر بھیجاجائے جو وہاں پر ہونے والے مظالم کو اقوام عالم کے سامنے لاسکے ۔

انہوں نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کرے تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم بند کرے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم کشمیر کی موجودہ صورتحال سے لاتعلق نہیں ہیں ، اور آپ کی کاوش کو بہترین قرار دیتے ہیں اس سلسہ میں دوسرے سیاسی رہنماؤں سے بھی بات چیت کی جائیگی ۔