سینیٹ نے ریگولیٹری اتھارٹیز کو متعلقہ وزارتوں کے ماتحت رکھنے سے متعلق فنکشنل کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دیدی

سروے ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد میں بھرتی کے امیدواروں کو فارغ کرنے سے متعلق معاملہ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے سپرد سینیٹ میں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری پاکستان اسٹیل مل کے لئے بیل آئوٹ پیکیج اور گیس بلوں کی ادائیگی سے متعلق تحریک کا معاملہ جمعہ تک موخر

جمعرات 16 فروری 2017 19:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) سینیٹ نے ریگولیٹری اتھارٹیز کو متعلقہ وزارتوں کے ماتحت رکھنے سے متعلق فنکشنل کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دے دی۔ جمعرات کو اجلاس میں فنکشنل کمیٹی کے چیئرمین میر کبیر محمد شاہی نے اس حوالے سے تحریک پیش کی جس پر میر کبیر محمد شاہی، سینیٹر سعود مجید اور دیگر ارکان نے اظہار خیال کیا۔

بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے ایوان سے تحریک پر رائے لی جسے منظور کرلیا گیا۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے سروے ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد میں بھرتی کے امیدواروں کو فارغ کرنے سے متعلق معاملہ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے سپرد کر دیا انہوں نے کہا کہ کمیٹی اس حوالے سے معاملہ کا جائزہ لے گی۔اجلاس کے دور ان سینیٹ میں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دے دی گئی اس سلسلے میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے تحریک پیش کی کہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری پر قائمہ کمیٹی کی خصوصی رپورٹ کو زیر غور لایا جائے اور منظور کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر جہانزیب جمالدینی، میاں عتیق شیخ اور دیگر ارکان نے اظہار خیال کیا جس کے بعد ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی۔اجلاس کے دور ان سینیٹ میں پاکستان اسٹیل مل کے لئے بیل آئوٹ پیکیج اور گیس بلوں کی ادائیگی سے متعلق تحریک کا معاملہ جمعہ تک موخر کر دیا گیا۔ سینیٹر میاں عتیق شیخ کی تحریک بھی ایجنڈے میں شامل تھی تاہم متعلقہ وزیر کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے اسے موخر کر دیا گیا۔

اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے تنازعات کے لئے متبادل حل بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی کہ تنازعات کیلئے متبادل حل بل 2017ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے جس کے بعد چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔