فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں فائن آرٹس کی سالانہ نمائش کا انعقاد

جمعرات 16 فروری 2017 21:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میںفائن آرٹس کی سالانہ نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس نمائش میں شعبہ فائن آرٹس کی طالبات نے اپنے فن پاروں کی نمائش کی۔ نمائش کاا فتتاح نصر ملک سابق ڈائریکٹر این سی اے راولپنڈی نے کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں ہیں، آج طالبات کا کام جو ہر لحاظ سے بین الاقوامی معیار کا ہے، اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں معیاری اور بین الاقوامی نوعیت کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

مہمان خصوصی کے ساتھ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسرڈاکٹر ناہید ضیاء خان، رجسٹرار اور تمام شعبہ جات کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس نے نمائش میں شرکت کی اور طالبات کی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے اس موقع پر کہا کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی طالبات کو ایک مفید شہری بنانے میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہی ہے، طالبات کو بدلتے حالات کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے تاکہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملک و ملت کا نام روشن کر سکیں۔

بین الاقوامی نوعیت کی پڑھائی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے علاوہ کسی جامعہ میں شاید ہی میسر ہو جہاں پر طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جاتا ہے۔ انہوں نے طالبات کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں داد دیتے ہوئے کہا کہ اسی طرح اپنی محنت جاری رکھیں، اپنی سوچ سے نت نئے خیالات کو سامنے لائیں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنا لوہا دنیا بھر میں منوائیں۔

اس موقع پر اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نمائش میں موجود تھی۔ اس شعبہ کی انچارج ڈاکٹر ثریا چوہدری، عنبرین رضا، محمد صالح، کشور کیانی، انعم طاہر، راحیلہ مشتاق، لبنیٰ خاتون، طاہرہ نورین، زہرا حبیب، غزالہ بخاری اور ثنیہ مبارک علی نے اس نمائش کا اہتمام کیا۔ نمائش میں طالبات نے ڈرائنگ، پرنٹ میکنگ، آئل پینٹنگ، منیئے چر، ٹیکسائل اینڈ گرافک ڈیزائننگ، اینی میشن اور فوٹو گرافی کے شعبوں میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو انتہائی خوبصورتی سے مختلف انداز میں پیش کیا۔

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی طالبات میں خود اعتمادی کو فروغ دیتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر لانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے کیونکہ یہاں کی طالبات ذہنی صلاحیتوں اور تخلیق کاری میں کسی سے کم نہیں ہیں۔