سابق صدر آصف علی زرداری کی لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطہ میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج و غم کا اظہار،سندھ حکومت کو واقعہ کی مکمل تحقیقات کرانے کی ہدایت

جمعرات 16 فروری 2017 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطہ میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ہر قیمت میں دہشت گرد حملے میں ملوث اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سندھ حکومت کو واقعہ کی مکمل تحقیقات کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا پتہ چلایا جائے کہ سیکورٹی کی صورتحال پر کیوں توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے پارٹی کے منتخب نمائندوں، عہدیداروں اور پارٹی کارکنوں کو ہدایات جاری کیں کہ ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کیلئے خون کے عطیات دیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ معصوم شہریوں پر دہشت گرد حملے کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، انہیں انصاف کے کٹہرے میں ہر قیمت پر کھڑا کیا جائے گا۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے شہداء اور زخمیوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔