چیئرمین سینیٹ نے امریکہ کی طرف سے سات مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کے نفاذ کے حوالے سے تحریک التواء مسترد کر دی

سینیٹ ،ْ اپوزیشن کا7 مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی کے حوالے سے تحریک التواء کی منظوری کے معاملہ کا جواب نہ دیئے جانے پر واک آئوٹ کمپنیات بل 2017ء پاکستان ایئر فورس (ترمیمی) بل 2017ء اورقومی کمیشن برائے حقوق اطفال بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹیوںکے سپرد سینیٹ نے ہندو میرج بل 2016ء کی ترمیم کے ساتھ منظوری دے دی

جمعہ 17 فروری 2017 14:55

چیئرمین سینیٹ نے امریکہ کی طرف سے سات مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) چیئرمین سینیٹ نے امریکہ کی طرف سے سات مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کے نفاذ کے حوالے سے تحریک التواء مسترد کر دی جبکہ سینیٹ میں اپوزیشن کے ارکان نے امریکہ کی طرف سے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی کے حوالے سے تحریک التواء کی منظوری کے معاملہ کا جواب نہ دیئے جانے پر ایوان سے واک آئوٹ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے امریکہ کی طرف سے سات مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کے نفاذ کے حوالے سے تحریک التواء مسترد کر دی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اس سلسلے میں سینیٹر اعظم سواتی اور سسی پلیجو نے تحریک التواء کی منظوری کے لئے اظہار خیال کیا لیکن چیئرمین نے اس کو بحث کے لئے منظور نہیں کیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔

اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر اعظم سواتی اور سسی پلیجو کی تحریک التواء کی منظوری کے معاملہ پر محرکین کے اظہار خیال کے بعد متعلقہ وزیر کی طرف سے اس پر اعتراض کے حوالے سے دریافت کیا تو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ یہ معاملہ وزارت داخلہ سے متعلق ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ جمعرات کو بھی ایک معاملہ اٹھایا گیا تھا اس کا جواب دینے کے لئے متعلقہ وزیر موجود نہیں تھے، وزیر قانون بعد میں انہیں بلا کر لائے، آج پھر وہی معاملہ ہے۔

اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے مضر صحت پانی کے استعمال سے متعلق تحریک التواء کی منظوری کا معاملہ نمٹا دیا۔ س حوالے سے سینیٹر میر کبیر محمد شاہی کی تحریک التواء کی منظوری کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل تھا لیکن چیئرمین نے محرک کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے قرارداد لے کر آئیں۔شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد (ترمیمی) بل 2016ء سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کر دی گئی۔

قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ چراہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کر دی گئی۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔وزارت خارجہ کے بجٹ کے حوالے سے ششماہی جائزہ سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی رپورٹ سینیٹ میں میں پیش کر دی گئی۔

اجلاس میں قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر نزہت صادق نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔خواجہ سرائوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق خصوصی کمیٹی کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کر دی گئی۔ کمیٹی کے کنوینر سینیٹر نثار محمد نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔گیس انفراسٹرکچر سیس بل کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کر دی گئی۔ کمیٹی کے کنوینر سینیٹر الیاس بلور نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

سینیٹ نے تحفظ اقتصادی اصلاحات (ترمیمی) بل 2016ء سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دی۔ اس سلسلے میں سینیٹر محسن عزیز نے تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کمپنیات بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون نے تحریک پیش کی کہ کمپنیات بل 2017ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے جس پر چیئرمین نے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان ایئر فورس (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا اس سلسلے میں وزیر قانون زاہد حامد نے تحریک ایوان میں پیش کی جس پر چیئرمین نے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔چیئرمین سینیٹ نے قومی کمیشن برائے حقوق اطفال بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا اس سلسلے میں وزیر قانون زاہد حامد نے تحریک پیش کی جس کے بعد چیئرمین نے بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

سینیٹ نے ہندو میرج بل 2016ء کی ترمیم کے ساتھ منظوری دے دی اس سلسلے میں اجلاس میں وزیر قانون زاہد حامد نے تحریک پیش کی کہ ہندو میرج بل 2016ء قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی۔ سینیٹر فرحت الله بابر نے بل میں ایک ترمیم پیش کی جس کے بعد چیئرمین نے بل شق وار منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا۔

اجلاس کے دور ان نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے سرچارج کے نفاذ سے متعلق تحریک التواء کو مسترد کر دیا گیا۔ اس حوالے سے سینیٹر میاں عتیق شیخ کی تحریک التواء بھی منظوری کے لئے شامل تھی تاہم چیئرمین نے کہا کہ یہ تحریک التواء ضروری تقاضوں پر پورا نہیں اترتی اس لئے اس پر بحث کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سینیٹ میں ایریا سٹڈی سینٹر اسلام آباد کے حوالے سے قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔