دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف تمام طبقات کو منظم اور مربوط جدوجہد کرنی ہو گی‘ پاکستان علماء کونسل

جمعہ 17 فروری 2017 16:09

دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف تمام طبقات کو منظم اور مربوط جدوجہد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف تمام طبقات کو منظم اور مربوط جدوجہد کرنی ہو گی ، پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 19 فروری کو لاہور دارالافتاء پاکستان میں ہو گا، قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل ہی دہشت گردی سے نجات دلا سکتا ہے ، افغان حکومت سے دو ٹوک بات کرنے کا وقت آ گیا ہے ۔

ہندوستا ن اور افغانستان کے معاملہ پر حکومت مصلحت ترک کرے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر وفاق المساجد پاکستان اور دیگر مذہبی تنظیموں کے آئمہ اور خطباء نے جمعتہ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ لاہور سے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے مرکزی صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کا کسی مسلک اور دین سے تعلق نہیں بلکہ وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سہیون شریف میں دھماکہ کرنے والوں کا مقصد ملک کے اندر فرقہ وارانہ بنیادوں پر فساد پیدا کرنا ہے لیکن ان کی اس سازش کو باہمی اتحاد سے ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان افغانستان اور ہندوستان کے معاملہ پر مصلحتوں کو ترک کرے۔ پاکستان کے دوست ممالک اور عالمی برادری کو پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں اور سرپرستوں سے آگاہ کیا جائے ۔

ا نہوں نے کہا کہ 35 سال سے پاکستان افغانستان کی وجہ سے جل رہا ہے لیکن افسوس کہ افغانستان کی حکومت کا پاکستان دشمن رویہ قابل افسوس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے پوری دنیا کو محفوظ بنایا ہے لیکن افغانستان میں بیٹھے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کاروائی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانیوں کا خون بہہ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کی کانفرنس 19 فروری کی شام کو علماء کونسل کی شوریٰ کے اجلاس کے بعد ہو گی۔

متعلقہ عنوان :