لیگی رہنماؤں کی سیہون شریف میں ہونیوالی دہشت گردی کی مذمت،مساجد میں ملکی سلامتی اور شہداء کیلئے دعائیں

عوام کو درندوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائیگا،شہداء کے خون کا حساب لیا جائیگا‘ پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 فروری 2017 16:09

لیگی رہنماؤں کی سیہون شریف میں ہونیوالی دہشت گردی کی مذمت،مساجد میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کی اپیل پر صوبائی دارالحکومت کی تمام مساجد میں جمعہ کی نماز کے بعد قومی وملکی سلامتی ،سانحات لاہور ،سیہون شریف اور ملک کے دیگر علاقوں میںہونے والے بم دھماکوں کے نتیجہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کی مغفرت کے لئے دعائیں کی گئیں۔

صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک وجنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے سانحہ سہون شریف میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیہون شریف پر حملہ پاکستان کی سلامتی پر حملہ ہے،ملک اور عوام کے تحفظ کے لئے انتہائی اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے، پاکستان میں دہشت گردی کے زریعے دشمن کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان کے تحفظ دشمن کو شکست دینے کے لئے کوئی بھی ہمارے عزائم کو متزلزل نہیں کرسکتا، سیاسی اور عسکری قیادت عوام کے ساتھ کھڑی ہے،وطن عزیر کا امن خراب کرنے والوں کے لئے کسی قسم کی کوئی رعائت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ ارکان اسمبلی رمضان صدیق بھٹی،چوہدری محمد شہباز، سید توصیف شاہ،عامر خان،احسن شرافت، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،چیئر مین جاوید اقبال سمیت دیگربھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردوں کے خلاف اپریشن پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ جاری رہے گا،،عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا اور معصوم لوگوں کو درندوں کے رحم و کرم پر ہر گز نہیں چھوڑا جائے گا، اور شہداء خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ جیت کر ہی رہے گا۔انہوں نے کہ پاکستان کو امن گہوارہ بنایا جائے گا، اس معاملہ میں کسی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔