امریکی سفیر ڈیوڈہیل کاکراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر جنرل الیکٹرک کے ریل انجنوں کا معائنہ

جمعہ 17 فروری 2017 17:09

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ امریکی انجنوں میں سے زیادہ تر پاور پلانٹوں کے لیے استعمال ہوں گے اور صنعتی مراکز کو زیادہ سامان کی ترسیل میں پاکستان ریلوے کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کراچی کنیٹ ریلوے اسٹیشن پر جنرل الیکٹرک کے انجنوں کا معائنہ کے موقع پر کہی۔

کراچی میں امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن، جنرل الیکٹرک کے پاکستان اور وسطی ایشیا کے سی ای او صائم شیخ، پاکستان ریلوے کی چیئرپرسن پروین آغا اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نثار احمد میمن ،ڈی سی او کراچی ڈویژن نا صر نذیر اور دیگر بھی موجود تھے۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کینٹ اسٹیشن کے دورہ کے دوران کہا کہ ان امریکی انجنوں میں سے زیادہ تر پاور پلانٹوں کے لیے استعمال ہوں گے اور صنعتی مراکز کو زیادہ سامان کی ترسیل میں پاکستان ریلوے کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکی انجنوں کی ڈلیوری امریکا کے نجی شعبے کی پاکستان سے وابستگی کے لیے اچھی خبر ہے، اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی پاکستان ریلوے نثار میمن نے کہا کہ امریکی ٹیکنالوجی اور سازوسامان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح ان سے ریلوے کے انفرااسٹرکچر کو طویل المعیاد بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا جس سے پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔

جنرل الیکٹرک کے پاکستان اور وسطی ایشیا کے سی ای او صائم شیخ کا کہنا تھا کہ ہمیں حکومت پاکستان کے ملکی ذرائع نقل و حمل کو بہتراور جدید بنانے کے عزم میں ساتھ دینے پر فخر ہے، جنرل الیکٹرک کے ایوولیوشن سیرز کے انجنوں کی پاکستان ریلوے کو تیز ترین فراہمی ہمارے عزم کی عکاس ہے۔ ایوولیوشن سیریز کے انجن اپنی کلاس کے دوسرے انجنوں کے مقابلے میں کم خرچ اور بہتر کارکردگی کے حامل ہیں جس سینہ صرف یہ کہ سامان کی ترسیل میں کم اخراجات آتے ہیں بلکہ ماحولیات پر منفی اثرات بھی کم مرتب ہوتے ہیں۔

پاکستان ریلوے کے نمائندے نے بتایا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں پہلا ملک ہے جو جنرل الیکٹرک کے ایوولیوشن سیرز کے انجن درآمد کرکے استعمال کررہاہے، امریکی انجنوں سے پاکستان ریلوے کو جدید بنانے اور ادارے کی فعالیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔جنرل الیکٹرک نے جون 2015 میں پاکستان ریلوے کو 55 جدید ترین ڈیزل انجن فروخت کرنے کا معاہدہ کیا، 4500 ہارس پاور کے یہ انجن مکمل طور پر امریکا میں بنائے گئے ہیں۔ یہ انجن سال 2017 میں وقفے وقفے سے کراچی پورٹ پہنچائے جائیں گے، اس سلسلے میں 7 انجن شیڈول سے دو مہینے پہلے 23 جنوری 2017 کو کراچی پورٹ پہنچائے گئے، اس موقع پر پاکستان حکومت نے ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :