وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی زیر صدارت اقبال اکادمی پاکستان کی گورننگ باڈی کا اجلاس

علامہ اقبال کے افکارکی ترویج اقبال اکادمی کی اوّلین ترجیح ہونی چاہئے،عرفان صدیقی

جمعہ 17 فروری 2017 17:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے افکارکی ترویج اقبال اکادمی کی اوّلین ترجیح ہونی چاہئے کیونکہ علامہ اقبال کی فکر صرف ہمارے ماضی سے ہی نہیں بلکہ حال اور مستقبل سے بھی گہر ا تعلق رکھتی ہے، انہوں نے 2017ء کو علامہ اقبال کے 140ویں یوم ولادت کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منانے کا سال قرار دیا۔

یہ بات انہوں نے اقبال اکادمی پاکستان کی گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں جمعہ کو منعقدہ اجلاس میں اقبال اکادمی کی مجلس منتظمہ کے سربراہ منیب اقبال کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ ہواجو نومبر 2017ء میں علامہ اقبال بین الاقوامی کانفرنس کے علاوہ دیگر تقریبات اور منصوبوں کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس نے علامہ اقبال اکادمی کی عمومی کارکردگی اور اگلے سال کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور مختلف انتظامی معاملات کے بارے میں فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میںسیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ عامر حسن، جوائنٹ سیکرٹری سیّد جنید اخلاق کے علاوہ گورننگ باڈی کے ارکان ڈاکٹر عبدالغفار سومرو، میاں محمد افضل حیات، ڈاکٹر پیرزادہ، سیّد قاسم رضا صدیقی، ڈاکٹر ضیاء الحق، ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی، ڈائر یکٹر اقبال اکادمی سہیل مفتی اور اکادمی کے خزانچی سرشار احمد خان نے شرکت کی۔