وزیراعظم محمد نواز شریف نے درگاہ لعل شہباز قلندر سانحہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی

پیپلز میڈیکل ہسپتال نوابشاہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے وزیراعظم کو زخمیوں کے علاج معالجہ کے متعلق آگاہ کیا

جمعہ 17 فروری 2017 18:08

وزیراعظم محمد نواز شریف نے درگاہ لعل شہباز قلندر سانحہ میں زخمی ہونے ..
نوابشاہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے درگاہ لعل شہباز قلندر کے سانحہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کیلئے پیپلز میڈیکل ہسپتال نوابشاہ کا دورہ کیا، سانحہ میں 80 سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، گورنر سندھ زبیر احمد، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، سینئر سیاسی اور انتظامی حکام وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے وزیراعظم کو ہسپتال میں لائے جانے والے زخمیوں اور ان کے علاج معالجہ کے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، زخمیوں سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن بہتر علاج معالجہ کا یقین دلایا۔ انہوں نے واقعہ کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرم میں ملوث مجرموں کے تعاقب اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔