کئی برسوں سے اندرونی اور بیرونی دشمنوںسے لڑ رہے ہیں ،ْ دشمن جہاں کہیں بھی ہواسے ختم کیا جائے ،ْوزیر اعظم کی ہدایت

دہشتگردی کے خلاف جنگ کا ہماری مثبت اقدار سمیت عوام کی فتح کے ساتھ خاتمہ ہو گا ،ْ نواز شریف کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 19:33

کئی برسوں سے اندرونی اور بیرونی دشمنوںسے لڑ رہے ہیں ،ْ دشمن جہاں کہیں ..
سیہون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کئی برسوں سے اندرونی اور بیرونی دشمنوںسے لڑ رہے ہیں ،ْ دشمن جہاں کہیں بھی ہواسے ختم کیا جائے ،ْدہشتگردی کے خلاف جنگ کا ہماری مثبت اقدار سمیت عوام کی فتح کے ساتھ خاتمہ ہو گا۔ وزیراعظم ہائوس کے بیان کے مطابق وزیراعظم نے صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر بم دھماکہ کے بعد امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جمعہ کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کی۔

چیف سیکرٹری سندھ نے انہیں افسوسناک واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا جس میں 83 افراد شہید، 343 زخمی ہوئے جن میں 76 کی حالت نازک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے قیام سے ہی اپنی شناخت کی جنگ لڑ رہا ہے، امن و خوشحالی کے نصب العین میں ہر ریاست کی تاریخ میں ان عناصر کی مخالفت کا سامنا رہا جو بربریت کے دور کو دوبارہ واپس لانے کے درپے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ہم ملک اور بیرون ملک سے دشمنوں کے ساتھ جنگ کر رہے ہیں، ہمیں اپنے تاریک دنوں کا سامنا رہا تاہم ہم ہمیشہ پرعزم ہو کر سامنے آئے جس سے دنیا متاثر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندوں کے خلاف متحد ہونے اور لڑنے کا وقت ہے وہ خواہ ملک میں ہوں یا باہر سے آ رہے ہوں، میں اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کرتا ہوں کہ دشمن خواہ کہیں بھی ہوا اس کا پوری ریاستی طاقت کے ساتھ خاتمہ کر دیا جائے۔ انہوں نے اسے مستقبل کی نسلوں اور ظلم کا سامنا کرنے والے دیگر لوگوں کیلئے ایک ذمہ داری قرار دیا اور کہا کہ ہمیں ہر طرح مضبوط ہونا ہو گا اور خوف کو مسترد کرنا ہو گا ، جہاں کہیں بھی اسے دیکھیں اس لعنت کی مذمت کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میری انتظامیہ ان عناصر کی شکست کو یقینی بنائے گی جو ہماری انسانیت، شہریوں کے حقوق اور آزادیوں کیلئے سوال بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کا ہماری مثبت اقدار سمیت عوام کی فتح کے ساتھ خاتمہ ہو گا۔ اجلاس میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، گورنر سندھ زبیر احمد اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے شرکت کی۔

اس سے قبل وزیراعظم محمد نواز شریف نے درگاہ لعل شہباز قلندر کے سانحہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کیلئے پیپلز میڈیکل ہسپتال نوابشاہ کا دورہ کیاپاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، گورنر سندھ زبیر احمد، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، سینئر سیاسی اور انتظامی حکام وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے وزیراعظم کو ہسپتال میں لائے جانے والے زخمیوں اور ان کے علاج معالجہ کے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، زخمیوں سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن بہتر علاج معالجہ کا یقین دلایا۔ انہوں نے واقعہ کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرم میں ملوث مجرموں کے تعاقب اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :