پاکستان کیلئے دہشت گردی عظیم خطرہ ، ہمسایہ ممالک سے قریبی تعلقات خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے،اعزاز چودھری

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی ترقی کیلئے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے، بھارت اور افغانستان سے دوطرفہ تعلقات کیلئے محتاط رویے کو اپنایا جانا ضروری ہے، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کا ایئر یونیورسٹی میں فارن پالیسی پر منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 19:59

پاکستان کیلئے دہشت گردی عظیم خطرہ ، ہمسایہ ممالک سے قریبی تعلقات خارجہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے دہشت گردی کو پاکستان کیلئے خطرہ عظیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی ترقی کیلئے بیش بہا مواقع فراہم کرتا ہے، ایئر یونیورسٹی میں منعقدہ پاکستان کی فارن پالیسی کے حوالے سے ایک تقریب سے بطورمہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کو مستحکم کرنا ایک اہم ستون ہے، سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا عالمی برادری میں اہم مقام ہے، علاقائی تناظر میں پاکستان کے ایران اور چین سے تعلقات قریبی ہیں جبکہ بھارت اور افغانستان سے دوطرفہ تعلقات کیلئے محتاط رویے کو اپنایا جانا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے، افغانستان میں بدامنی سے پاکستان کی سلامتی کو مختلف خطرات لاحق ہوجانے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ انفراسٹرکچر اور انرجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے سے ملکی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ہر چیلنج درحقیقت زندگی میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اگر ہم اپنے مقاصد کی نشاندہی میں کامیاب ہوجائیں تو ہمیں پاکستان کو دنیا کے نقشے میں ایک کامیاب ملک کے طور پر متعارف کروانے سے کوئی نہیں روک سکتا، انہوں نے سرد جنگ کے خاتمے کے بعد عالمی طاقتوں کے جنوبی ایشیائی خطے بالخصوص پاکستان کیلئے عزائم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ایئر یونیورسٹی کے وائس چانصلر ایئر وائس مارشل (ر) فائز عامر نے مہمانِ خصوصی سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کیلئے تشکرانہ کلمات کی ادائیگی کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے پاکستان کو کلیدی نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں جنکا مقابلہ مثبت لائحہ عمل کی بنیاد پر کیا جاسکتا ہے، انہوں نے سیکرٹری خارجہ کو امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔