فاٹا سے ایف سی آر ختم کرکے اسے خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے،امیر جماعت اسلامی حلقہ قبائل سردار خان

جمعہ 17 فروری 2017 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی حلقہ قبائل حاجی سردار خان نے وفاقی حکومت اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پر زور دیا ہے کہ فاٹا سے ایف سی آر ختم کرکے اسے خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔ خیبر پختونخوا میں انضمام کے علاوہ فاٹا کے مستقبل کا کوئی فیصلہ قبول نہیں، ایف سی آر کالا قانون اور ظلم کا نظام ہے ۔

فروری کے آخر میں ایف سی آر اور فاٹا اصلاحات میں تاخیرکے خلاف گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے اور تین دن دھرنا دیں گے۔ اگر مارچ میں بھی ایف سی آر ختم نہ ہوا تو اسلام آباد کی جانب لاکھوں قبائلیوں کے ہمراہ لانگ مارچ کریں گے۔ دہشت گردی واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ آگ اور خون کا کھیل مزید بند ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاٹا سیکرٹریٹ المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

حاجی سردار خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف چند افراد کی خوشی کے لئے ایف سی آر کے خاتمے اور اس کے خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام سے گریزاں ہیں، فاٹا اصلاحات کو بھی انہی افراد کو خوش کرنے کے لئے کابینہ اجلاس کے ایجنڈے سے نکالا گیا۔ قبائلی عوام ہر صورت ایف سی آر کا خاتمہ اور خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق فاٹا اصلاحات کو نافذ کرے ، اب بھی وقت ہے ایف سی آر کو ختم کیا جائے ورنہ 26, 27, 28فروری کو پشاور میں گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔

قبائلی اپنے حق کے لئے لڑنا جانتے ہیں۔ اگر وفاقی حکومت نے مارچ میں فاٹا اصلاحات کا نفاذ یقینی نہ بنایا اور ایف سی آر کو ختم نہ کیا گیا تو پھر وزیر اعظم ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے اور یہ گھیراؤ تب تک جاری رہے گا جب تک ایف سی آر ختم نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی آر کے بخئے ادھیڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

متعلقہ عنوان :