2017ء کو علامہ اقبال کے 140ویں یوم ولادت کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منانے کا سال قرار دیاہے،عرفان صدیقی

علامہ کے افکارکی ترویج اقبال اکادمی کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے ،اس کا ہمارے ماضی،حال اور مستقبل سے بھی گہر ا تعلق ہے ، مشیر وزیراعظم

جمعہ 17 فروری 2017 20:52

2017ء کو علامہ اقبال کے 140ویں یوم ولادت کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے افکارکی ترویج اقبال اکادمی کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ علامہ کی فکر ہمارے ماضی ہی نہیں حال اور مستقبل سے بھی گہر ا تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے 2017ء کو علامہ اقبال کے 140ویں یوم ولادت کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منانے کا سال قرار دیا ۔

یہ بات انہوں نے اقبال اکادمی پاکستان کی گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میںجمعہ کو منعقد ہ اجلاس میںاقبال اکادمی کی مجلس منتظمہ کے سربراہ منیب اقبال کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ ہواجو نومبر 2017ء میں علامہ اقبال بین الاقوامی کانفرنس کے علاوہ دیگر تقریبات اور منصوبوں کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس نے علامہ اقبال اکادمی کی عمومی کارکردگی اوراگلے سال کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور مختلف انتظامی معاملات کے بارے میں فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میںسیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ عامر حسن ، جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق کے علاوہ گورننگ باڈی کے ارکان ڈاکٹر عبدالغفار سومرو، میاں محمد افضل حیات، ڈاکٹر پیرزادہ ، سید قاسم رضا صدیقی، ڈاکٹر ضیا ء الحق، ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی، ڈائر یکٹر اقبال اکادمی سہیل مفتی اور اکادمی کے خزانچی سرشار احمد خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :