Live Updates

مسلم لیگ(ن) نے بلوچستان کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں ‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف کا دل بلوچستان کے لئے دھڑکتا ہے ،وزیر اعلی شہباز شریف نے اپنے تعلیمی اداروں کے دروازے بلوچستان کے طالب علموں کیلئے کھول دئیے ہیں‘صوبائی وزیر اطلاعات وا یکسائز اینڈ ٹیکسیشن

جمعہ 17 فروری 2017 20:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجبتیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کا معاشی مستقبل ہے ، گوادر پورٹ سے شروع ہونے والی ترقی کے اثرات پورے ملک تک جائیں گے اور پاکستان ایشیاء میں خوشحال ملک بن کر ابھرے گا - ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا - تقریب میں بلوچستان سے تشریف لائے ہوئے مہمان سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار وزیر احمد جوگزئی ،ڈاکٹر صلاح الدین مینگل کے علاوہ پروفیسر رفیق تارڑ ، ڈاکٹر اجمل نیازی ،سابقہ ایم پی اے محترمہ مہناز رفیع اور صفیہ اسحق کے علاوہ شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی - تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے - رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا یہ سب سے بڑا صوبہ ملک کے لئے دل کی حیثیت رکھتا ہے -یہاں سے نکلنے والی سوئی گیس سے پاکستان کی ترقی کا عمل تیز تر ہوا تھا اور آج سی پیک کی بدولت بلوچستان ایک بار پھر پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے وفاق کی سیاست کی ہے اور چاروں صوبوں کو ان کا حق دلوایا ہے -پنجاب کو یہ کریڈٹ بھی جاتا ہے کہ اس نے صوبہ بلوچستان کے بچوں پر اپنے تعلیمی اداروں کے دروازے کھولے ہیں اس طرح بلوچستان کو تعلیم یافتہ قیادت میسر آئی ہے اور انہیں یہ پیغام بھی ملا ہے کہ پنجاب دیگر صوبوں کو ساتھ لے کر چلتا ہے -صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوج کے اشتراک سے مربوط اقدامات کئے ہیں اور آج ایک بار پھر اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم بیرونی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں اور دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں - انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب بلوچستان کی ترقی کے لئے مسلسل کوشاں ہیں اور ان کی ہمیشہ یہ منشا رہی ہے کہ بلوچستان ترقی و خوشالی کے اعتبار سے دیگر صوبوں کے ہم پلہ ہو -اس طرح وفاق مضبوط ہو گا اور چاروں صوبوں کے عوام مل کر ترقی کریں گی-
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات