آزادکشمیرمیں مسلم لیگ ن حکومت تعمیروترقی کے لیے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے،مشتاق منہاس

آزادکشمیر میں حقیقی معنوںمیں تبدیلی لارہے ہیں،خطہ میں کرپشن فری معاشرہ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت آزادکشمیرکوڈیجیٹل کشمیر میں تبدیل کریں گے آزادکشمیرکو سیاحت کامرکز بنائیں گے، وزیراطلاعات آزادکشمیر کا جلسہ سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 21:46

برنالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) آزادکشمیرکے وزیراطلاعات سیاحت وانفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ مشتاق احمدمنہاس نے کہاہے کہ آزادکشمیرمیں مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کے ویژن کے مطابق خطہ کی تعمیروترقی کے لیے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔ آزادکشمیرکے عام انتخابات میں حلقہ برنالہ کے عوام نے کرنل ریٹائرڈ وقاراحمدنور کوکامیاب کرکے میاںمحمد نواز شریف اورراجہ محمدفاروق حیدرخان کوسرخروکیاہے۔

اب مسلم لیگ ن کی ذمہ داری ہے کہ وہ حلقہ برنالہ میں آزادکشمیرکے دیگرحلقوں سے بڑھ کرتعمیروترقی کرے گی۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کی آزادکشمیراور کشمیری عوام سے گہری ہمدردی ہے اسی وجہ سے انھوں نے اپنے موجودہ عرصہ اقتدارمیں 24 بار آزادکشمیر کادورہ کیا۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں حقیقی معنوںمیں تبدیلی لارہے ہیں۔ آزادکشمیرکوکرپشن فری معاشرہ بنائیں گے اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت آزادکشمیرکوڈیجیٹل کشمیر میں تبدیل کریں گے اور آزادکشمیرکو سیاحت کامرکز بنائیں گے۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے کرنل (ر)وقاراحمدنورکی طرف سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ سابقہ حکومت نے کرپشن کی ایسی داستانے قائم کیں جس کے باعث الیکشن میں عوام نے انھیںمسترد کیا۔ انھوںنے کہاکہ اب پیپلزپارٹی کی لوٹ کھسوٹ کادورختم ہوگیاہے۔ آزادکشمیرمیں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہرشعبہ میں اصلاحات نافذ کردی ہیں۔

پورے آزادکشمیرمیں تعمیروترقی کاآغازہوچکاہے۔ لوگ حقیقی معنوں میں تعمیروترقی زمین پردیکھیں گے۔ انھوںنے کہاکہ اگرہماری حکومت نے عوامی فلاح وبہبود کے ایجنڈے کے خلاف کام کیے تو ہم عوامی عدالت سے ہی اپنااحتساب کروائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت ،ممبران اسمبلی میں کوئی کرپٹ شخص نہیں ہے نہ ہی کسی کی شہرت پرکوئی دباہے۔مسلم لیگ ن کے ممبران اسمبلی اور کابینہ کے ممبران درد دل رکھنے اور مخلص لوگوں کی ٹیم ہے۔ انھوںنے کہاکہ ہم ایسے اقدامات اٹھارہے ہیں جس سے عوام میں سیاست پراعتماد بڑھے گا۔ انھوں نے لوگوں کویقین دلایاکہ کرنل (ر)وقاراحمدنور کے حلقہ میں تعمیروترقی ترجیح بنیادوں پرکی جائے گی۔