روس کی 100 سے زائد کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 17 فروری 2017 20:06

روس کی 100 سے زائد کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری2017ء) روس کی 100 سے زائد کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں روسی سفارتخانے کے ٹریڈ کمیشن کے افسران کے ایک وفد نے الیکسی کدرایا سیف کی قیادت میں چیئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص روس اور پاکستان کے مابین کاروباری اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئر پرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے کہا کہ روس اور پاکستان کے مابین معاشی تعلقات کے فروغ سے ترقی اور خوشحالی کے مواقع وسیع ہوں گے، دونوں ملکوں کے مابین سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر روسی وفد نے چیئر پرسن کو بتایا کہ روس کے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کی ایک تاریخ ہے، روس نے کراچی میں اسٹیل مل جیسا ادارہ لگانے میں حکومت پاکستان کی معاونت کی، اس کے علاوہ بھی دیگر شعبوں میں تعاون کیا۔

(جاری ہے)

رو س کی 100 سے زائد کمپنیاں، فارما سیوٹیکل، مشینری، مینوفیکچرنگ، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش مند ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اس سلسلے میں سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ہماری کمپنیوں کی رہنمائی کرے اور دونوں ملکوں کے تجارتی و کاروباری وفود کے تبادلوں کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اقدامات میں ہماری معاونت کرے۔ چیئر پرسن ناہید میمن نے روسی وفد کو اپنے مکمل تعاون کی پیشکش کی اور اس سلسلے میں تواتر کے ساتھ رابطے اور اجلاس منعقد کرتے رہنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :