لعل شہباز قلندر مزار بم دھماکے کے زخمیوں کا شہر کے مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے

ٹراما سینٹر میں 6، پی این ایس شفاء میں 7 اور جناح ہسپتال میں ایک زخمی کو منتقل کیا گیا

جمعہ 17 فروری 2017 23:57

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کا کراچی کے مختلف ہسپتالوں ٹراما سینٹر کراچی میں 6، پی این ایس شفا کراچی میں 7 اور جناح ہسپتال میں ایک زخمی کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ تین زخمیوں کو ٹراما سینٹر کے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔

جمعہ کے روز سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء سکندر میندھرو، منظور حسین وسان اور سماجی کارکن فیصل ایدھی نے ٹراما سینٹر میں زخمیوں کی عیادت کی۔ ٹراما سینٹر کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے بتایا کہ دھماکے میں200 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو حیدرآباد، نواب شاہ سمیت دیگر اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں اب تک 11 افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ بڑی ایمبولینس نہ ہونے کے باعث ہلاکتیں زیادہ ہوئیں۔ وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے بات چیت کے دوران بتایا کہ دھماکے کے 9 زخمی سول اسپتال لائے گئے، سول سپتال سے 3 زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا، زخمیوں میں دو خواتین، ایک بچہ اور تین مرد شامل ہیں، دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، 7زخمیوں کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پی این ایس شفا منتقل کیا گیا تھا۔

سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس سانحہ کو بڑا حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایسا واقعہ رونما نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہر جمعرات کو لعل شہباز قلندر کے مزار پر دھمال ہوتی ہے جس میں سنکڑوں کی تعداد میں لوگ جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :