تھانہ ترنول کے علاقے میں پولیس اور منشیات فروشوں کے مابین فائرنگ

پولیس نے منشیات فروشوں کے سر غنہ کو گرفتار کر لیا،متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

جمعہ 17 فروری 2017 23:59

ْ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) تھانہ ترنول کے علاقے میں پولیس اور منشیات فروشوں کے مابین فائرنگ، پولیس نے منشیات فروشوں کے سر غنہ کو گرفتار کر لیا،متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے نواحی علاقہ ڈورے گائوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران منشیات کے بااثرڈیلرکے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔

پولیس نے جوابی کارروائی کے بعدمنشیات فروشوںکیے سر غنہ عمر فاروق کوگرفتارکرتے ہوئے اس کے قبضے سے اسلحہ اورمنشیات برآمدکرلیاہے ،پولیس کاکہناہے کہ یہاں عرصہ دراز سے کئی بااثرافراد منشیات فروشی کادھندہ کررہے ہیں جوجڑواں شہروں میں روزانہ لاکھوں روپے کی منشیات سمگل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس نے قبل ازیں بھی اس علاقہ میں کارروائی کرنے کی کوشش کی تھی جس پرچند سال قبل منشیات فروشوں نے وفاقی پولیس کے دوملازمین کو بری طرح تشددکانشانہ بناتے ہوئے انہیں موت کے گھاٹ اتاردیاتھا۔

ذرائع کایہ بھی کہناہے کہ اس واقعہ کے بعدڈورے گائوں میں وفاقی پولیس نے دوبارہ گرینڈ آپریشن کرنے کی ہمت نہ کی۔تاہم پولیس گاہے بگاہے منشیات کے چھوٹے ڈیلروں کوگرفتارکرکے ان پرمقدمات درج کرتی رہی۔ گزشتہ روز تھانہ ترنول پولیس نے مخبرکی اطلاع پرڈورے گائوں میں چھاپہ مارا۔جس پرمنشیات کے سمگلروں نے پولیس پارٹی پرفائرنگ شروع کردی ،پولیس تھانہ ترنول نے مزید نفری طلب کر کے جوابی وار کیاجس کے بعد منشیات فروشوں نے جائے واردات سے بھاگنے میں ہی عافیت جانی۔

تاہم پولیس منشیات فروشوںکے ایک سر غنہ عمرفاروق نامی شخص کو گرفتارکرنے میں کامیاب ہوسکی۔جس کے قبضے سے پولیس نے چرس اورنائن ایم ایم رائفل برآمدکرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔پولیس نے ملزم عمرفاروق سے کی گئی ابتدائی تفتیش کے بعد مقدمہ نمبر58/2017درج کرلیاہے۔ (حسن رضا)

متعلقہ عنوان :