کینیڈا اور یورپی یونین کے مابین تجارتی معاہدہ مثالی ہے،جرمن چانسلر

کینیڈین وزیراعظم کی میرکل سے ملاقات،ٹرمپ انتظامیہ اوراس کے نیٹوبارے موقف پر اظہارخیال کیاگیا

ہفتہ 18 فروری 2017 12:03

کینیڈا اور یورپی یونین کے مابین تجارتی معاہدہ مثالی ہے،جرمن چانسلر
برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹرٴْوڈو نے جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے ساتھ ایک ملاقات کی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برلن میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کینیڈا اور یورپی یونین کے مابین تجارتی معاہدے سیٹا کو مثالی قرار دیا۔ ملاقات میں دونوں سربراہان حکومت نے سیٹا تجارتی ڈیل کو انتہائی شاندار اور مستقبل کے کئی معاہدوں کی بنیاد قرار دیا۔

اس ملاقات میں کینیڈین وزیر اعظم اور جرمن چانسلر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور اٴْس کے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے بارے میں موقف پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس دوران میرکل نے نیٹو کے حوالے سے امریکی صدر اور وزیر دفاع کے بیانات کے تناظر میں اپنا موقف بیان کیا۔

(جاری ہے)

اس میٹنگ میں کینیڈا کے وزیر اعظم نے مغربی دفاعی اتحاد کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی نہ ہی انہوں نے امریکی موقف کی تائید میں کوئی لفظ ادا کیا۔

جرمن چانسلر نے کہاکہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو یورپ کے ساتھ ساتھ امریکا کے لیے بھی بہت اہم ہے،ہمیں نیٹو کی باہمی اقدار کا علم ہونا چاہیے۔ میرے خیال میں نیٹو کی وجہ سے امریکا کی طاقت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ تنظیم امریکا کے لیے بھی اہم ہے۔ جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ اس اتحاد کے بارے میں اٹھنے والے سوالات پر مشترکہ مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی بات چیت ہونی چاہیے۔

ادھراس ملاقات کے وقت سیٹا ڈیل کے مخالفین نے برلن میں ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین نے کہاکہ سیٹا ڈیل متوسط طبقے کے لیے پریشانی اور مسائل کا سبب بنے گی۔ ان کے خیال میں اس ڈیل سے روزگار کی منڈی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ رواں ہفتے کے اوائل میں کینیڈین وزیر اعظم امریکا کے دورے پر بھی گئے تھیم جہاں انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکی صدر کے ساتھ مشترکہ معاملات کو فروغ دینے کی کوشش میں تھے۔