امریکاکا نیٹو کے ساتھ تعاون اٹل ہے،امریکی نائب صدرمیونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 15:17

میونخ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ امریکا کا نیٹو کے ساتھ تعاون اٹل رہے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بات مائیک پینس نے میونخ میں ہونے والی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے خارجہ پالیسی کے بارے میں پہلے جامع بیان میں پینس نے کہا کہ امریکاآج اور ہر دن یورپ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

تاہم انھوں نے یورپی ملکوں کو بتایا کہ وہ مشترکہ دفاع کا پورا خرچ برداشت نہیں کر رہے۔انھوں نے کہا کہ صرف پانچ ملکوں نے اپنی مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد حصہ دفاع پر خرچ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔تاہم انھوں نے کانفرنس میں شامل یورپی ملکوں کے رہنماؤں کو بتایا کہ وہ دفاع پر اپنے حصے کا خرچ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ ناکامی ہمارے اتحاد کی بنیاد کو نقصان پہنچا رہی ہے،اب ڈو مور کا وقت آ گیا ہے۔

مائیک پینس نے کہا کہ امریکاروس کو جواب دہ سمجھتا رہے گا، حالانکہ ہم نئے مشترکہ موقف کی تلاش میں ہیں، اور جیسا کہ آپ جانتے ہیں، صدر ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ ایسا کیا جا سکتا ہے۔امریکی نائب صدر نے کہا کہ روس یوکرین کے بارے میں مِنسک امن معاہدے کی لازمی طور پر پاسداری کرے اور یوکرین کے مشرق میں اپنی فوجی کارروائیوں میں کمی لائے۔ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب امریکہ میں صدر ٹرمپ کی انتظامیہ اور روس کے درمیان تعلقات کے بارے میں تنازع جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :