ایل پی جی کی قیمت 2 ہزار روپے فی سلنڈر تک پہنچنے کا خدشہ

اوگرا کی جانب سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 900 روپے طے کیے جانے باعث امپورٹرز نے اس کی درآمدات روک دی

ہفتہ 18 فروری 2017 16:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) ایل پی جی کی قیمت 2 ہزار روپے فی سلنڈر تک پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی درآمدات شروع نہ ہوئی تو بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔اوگرا کی جانب سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 900 روپے طے کیے جانے باعث امپورٹرز نے اس کی درآمدات روک دی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ اگر اوگرا نے 900 روپے فی سلنڈر والے فیصلے پر نظرثانی نہیں کی تو یہ سلنڈر 2000 روپے سے بھی تجاوز کر سکتا ہے جس کا واحد ذمہ دار اوگرا ہو گا۔

عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ اوگرا عالمی منڈی کو یکسر نظرانداز کر کے صنعت کش فیصلہ نہیں کر سکتا۔ ایل پی جی کی صنعت ہو گی تو مارکیٹ میں ایل پی جی دستیاب ہو گی، اوگرا کے اس فیصلے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہر ماہ تقریبا 50 ہزار ٹن ایل پی جی درآمد کرتا ہے۔ اگر مطلوبہ گیس درآمد نہ کی گئی تو ملک میں توانائی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :