ترکی میں کار بم دھماکہ، 3سالہ بچہ جاں بحق ، 15افراد زخمی ،صدر اردگان کی مذمت

ہفتہ 18 فروری 2017 16:46

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) ترکی میں کار بم دھماکے میں 3سالہ بچہ جاں بحق اور 15افراد زخمی ہوگئے ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق شانلی عرفا کی تحصیل ویران شہر کے اٹارنی جرنلوں کے کوارٹرز پر دہشت گرد حملے میں ایک 3 سالہ بچہ ہلاک ہو گیا۔گورنر عظیم تونا نے اعلان کیا ہے کہ کار بم دھماکے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

۔وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے اس مذموم حملے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم علیحدگی پسند تنظیم’’پی کے کے ‘‘ کے نام و نشان کو اس ملک سے مٹا کر چھوڑیں گے۔ازمیر میں شرکت کردہ ایک سرگرمی کے دوران اپنے خطاب میں وزیر سوئلو نے بتایا کہ یہ ایک آزاد اور جمہوری ملک ہے۔ یہ ملک دنیا کے ترقی یافتہ ترین، جدید اور خوشحال ممالک کی صف میں شامل ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیر انصاف بیکر بوزداع نے اعلان کیا ہے کہ ہم عدلیہ کے ملازمین کے خلاف اس حملے اور اس کے فاعلوں پر لعنت و ملامت بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حملہ محض عدلیہ کے ملازمین کے خلاف ہی نہیں بلکہ ہمارے قوانین، عدالتوں، ترک قوم اور مملکت کے خلاف کیا گیا ہے، کوئی بھی دہشت گرد تنظیم یا پھر حملہ ترکی کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو ناکام نہیں بنا سکتا۔دریں اثنا صدر رجب طیب اردگان نے شانلی عرفا کے گورنر سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے اس مذموم حملے کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور حملے کی مذمت بھی کی ۔