سبزیوں اورایندھن کے نرخ بڑھنے سے مہنگائی میں 0.6 فیصد کا اضافہ

21اشیاکے مقابل صرف8آئٹمزکی قیمتیں کم،24کی برقراررہیں،سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں2.07فیصد کا اضافہ ہوا

ہفتہ 18 فروری 2017 16:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) سبزیوں اور فیول کے نرخ بڑھنے سے پاکستان میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زرکی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.59 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 2.07 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔پاکستان بیورو شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 16 فروری2017 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں 21 اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ہوا جبکہ 8اشیا کی قیمتیں کم اور 24کی مستحکم رہیں، گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 23.09 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں ٹماٹر کی ملک میں اوسط قیمت 44.73 روپے فی کلوگرام ہوگئی جبکہ زندہ مرغی 10.39 فیصد کے اضافے سے 143.32 روپے فی کلوگرام، آلو4.79 فیصد بڑھ کر24.96 روپے فی کلوگرام، پیاز2.31 فیصد بلند ہو کر 31.04 روپے فی کلو، کیلے 2.09 فیصد کے اضافے سے 74.65 روپے فی درجن، پٹرول کی قیمت1.45 فیصد بڑھ کر 72.13 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 1.26 فیصد چڑھ کر 81.38 روپے فی لیٹر ہوگئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نہانے کا صابن0.92 فیصد، چائے کی پتی0.87 فیصد، ہڈی والا گائے کا گوشت0.76 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.72 فیصد، دہی 0.70 فیصد، لہسن0.62 فیصد، ویجیٹبل گھی(کھلا/تھیلی)0.50 فیصد، بکرے کا گوشت0.45 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 0.38 فیصد، تازہ دودھ0.37 فیصد، گندم0.13 فیصد، ویجیٹیبل گھی(ٹن)0.10 فیصد، آٹا0.08 فیصد اور گڑ0.07 فیصد مہنگا ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :