پیپکو میں437 غیر قانونی بھرتیاں ریفرنس

ْ نیب پنجاب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے خلاف درخواست کی سماعت 11مارچ کے لئے ملتوی کردی

ہفتہ 18 فروری 2017 17:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) نیب پنجاب کی عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف دائر پیپکو میں 437 افراد کی غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے سماعت 11مارچ کے لئے ملتوی کردی۔ ہفتہ کے روز ہونے والی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت پیپکو کے 7 ڈائریکٹران عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالت نے پیپکو کے 8 ڈائریکٹران کو طلب کررکھا تھا جس پر عدالت نے غیرحاضر ہونے والے ایک ڈائریکٹر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب کو آئندہ پیشی پر اسے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا جبکہ شاہد علی نامی ایک اور ملزم کی جانب سے پیش کی گئی میڈیکل سرٹیفکیٹ کو منظور کرلیا۔

سابق وزیراعظم کو امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سخت سکیورٹی کے حصار میں عدالت لایا گیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا۔ انہوں نے صرف بے روزگار لوگوں کو ملازمتیں فراہم کیں، کسی کو روزگار دینا اگر جرم ہے تو شاید میں نے یہ جرم کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنس میں ان پر عائد کیے گئے الزامات ثابت نہیں ہوتے لیکن اس کے باوجود نیب عدالت کے طلب کرنے پر وہ عدالت میں پیش ہو گئے ہیں۔ وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اس لئے عدالت کے بلانے پر انہوں نے عدالت میں پیش ہونے کو ترجیح دی ہے۔ (اے ملک)