معاشرے میں باہمی برداشت ، اخوت و بھائی چارے کو فروغ دے کر پر امن ماحول پیدا کیا جاسکتا ہے ،ڈاکٹر روبینہ اختر

ہفتہ 18 فروری 2017 18:31

ملتان۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) معروف سیاسی و سماجی رہنما و ممبر سنٹرل کمیٹی پی ٹی آئی ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے کہ معاشرے میں باہمی برداشت ، اخوت و بھائی چارے کو فروغ دے کر امن پر مشتمل ماحول پیدا کیا جاسکتا ہے ، ملک میں ہونیوالے حالیہ دہشت گردی کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سوسائٹی فورم ملتان کے زیر اہتمام ’’میٹ دی سول سوسائٹی میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی معاشرہ ہمدردی کے رویہ جات کا حامل معاشرہ ہے یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیا میں پاکستانی قوم خیرات و صدقات دینے والی بڑی قوموں میں سرفہرست ہے ، قوم میں خدمت انسانیت کے جذبات کوٹ کوٹ کر بھرے ہیں لیکن کرپشن نے ہماری قوم کی قیمتی اساس کو نقصان پہنچایا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم بحیثیت قوم مختلف مصائب و آلام کا شکار ہیں ، افرا تفری ، نفسا نفسی اور دہشت گردی نے ہماری ترقی کی راہوں کو محدود کرکے رکھ دیا ہے لیکن ان حالات میں ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ان تمام چیلنجز کا مقابلہ ہمیں ہمت و حوصلہ سے کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں ، نوجوانوں کو تربیتی مراحل سے گزارا جائے اور دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے سرگرمیوں کو مزید تیزکیا جائے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عرفان احمد پراچہ ، ڈاکٹر ہمایوں شہزاد ، اورنگزیب خان بلوچ ، عابدہ حسین بخاری ، شاہد محمود انصاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم جرأتمند اور قربانیوں کی تاریخ سے سرشار ہے ، افواج پاکستان سے لے کر عام عوام تک قوم کے ہر فرد نے ملک و ملت کیلئے کسی نہ کسی طرح قربانی دی ہے اور اب بھی ان حالات میں ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحول کو محفوظ بنانے کیلئے باخبر رہنا ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :